Aaj Logo

اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2024 01:35pm

شانگلہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، اے ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکار شہید، 3 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کی تحصیل شانگلہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت دو پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ شانگلہ میں چیسکر کے علاقے میں گناگر پولیس چیک پوسٹ پر کیا گیا۔

پاک فوج کے خلاف ایک اور جھوٹا پراپیگنڈہ بے نقاب

دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی، اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی پولیس اہلکار کو فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات نے بتایا کہ شانگلہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ رات کی تاریکی میں ہوا، دہشت گردوں نے چاروں اطراف سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا کے مطابق دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جان کی قربانی دے کر حملہ پسپا کیا، حملے میں پولیس اہلکار نثار احمد اور اے ایس آئی محمد حسن شہید ہوئے۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ شہادت کا رتبہ حاصل کرنے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کرتا ہوں، پولیس فورس ان کی قربانی اور جذبے کو سلام پیش کرتی ہے، شہید اور زخمی پولیس جوانوں کا جذبہ ،حوصلہ اور فرض شناسی پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہے، پولیس جوانوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملے میں ملوث شر پسندوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

حملے میں شہید پولیس اہلکاران کی نماز جنازہ شیر علی خان شہید پولیس لائنز شانگلہ میں ادا کردی گئی۔

Read Comments