احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری عدالت میں پیش ہونے پر منسوخ کر دیئے ، جبکہ توشہ خانہ کیس میں ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں جاری 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر کئی سماعتوں سے غیر حاضر بشری بی بی عدالت پہنچ گئیں، عدالت نے ان کی وضاحت کے بعد وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ وہ طبعیت کی ناسازی اور حالیہ قائم مقدمات میں ضمانت لینے میں مصروف ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکی تھیں، آئندہ حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی جانب سے وکلاء نے 342 کے تحت جاری سوالناموں کے جوابات عدالت میں جمع کرا دیئے۔
بانی پی ٹی آئی نے اپنے دفاع میں گواہ پیش کرنے سے متعلق عدالت کو آگاہ کردیا، جبکہ بشری بی بی نے عدالت کو بتایا کہ کوئی گواہ پیش نہیں کرنا چاہتیں، کیس کی مزید سماعت 12دسمبر تک ملتوی کردی۔
بانی پی ٹی آئی واہلیہ کے خلاف 190ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے کی۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی واہلیہ کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس ٹو میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست 12 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کی ہے۔
عدالت نے 12 دسمبر کے لیے بشریٰ بی بی کو بھی نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔ ایف آئی اے نے بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی استدعا کر رکھی ہے۔