اسلام آباد میں گزشتہ ماہ ہونے والے احتجاج اور راستوں کی بندش کے دوران ایک نئے شادی شدہ جوڑے کا منفرد فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا تھا جس پر لوگوں نے مختلف تبصرے بھی کیے تھے۔
جوڑے نے فوٹو شوٹ کے لیے خوبصورت مقامات کے بجائے احتجاجی کنٹینرز کے سامنے فوٹو شوٹ کیا، جس نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کی تھی۔
دونوں میاں بیوی نے آج نیوز کے مارننگ شو میں گفتگو کی اور اپنے اس تجربے سے متعلق بتایا۔
قاسم (دلہا) کے مطابق جہاں ان کا شادی کا فوٹو شوٹ ہوا وہ ڈی چوک نہیں تھا کہ بلکہ وہ جگہ اسلام آباد کے ایران ایونیو کا مقام تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جس جگہ کنٹینرز موجود تھے وہ ڈی چوک کے کنٹینرز نہیں تھے اور نہ وہاں کوئی سیکیورٹی موجود تھی۔
تصویر وائرل ہونے کے سوال پر جوڑے نے بتایا کہ دونوں طرف کے اہلخانہ بہت خوش تھے۔
خاتون نے بتایا کہ ان کا آؤٹ ڈور ایونٹ تھا اور فوٹو شوٹ کے لیے کسی وینیو کا فیصلہ نہیں ہو پارہا تھا جس کے بعد ہم نے یادگار کے طور پر کنٹینرز کے سامنے تصاویر بنوانے کا فیصلہ کیا۔ اور وہ ہمارے لیے بہت خاص لمحہ بن گیا۔