Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2024 12:58pm

سپریم کورٹ نے جسٹس منصور علی شاہ کیخلاف توہین عدالت کیس نمٹا دیا

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے وفاقی محتسب کی طرف سے سابق جج لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کے خلاف توہین عدالت کیس نمٹا دیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 6 رکنی آئینی بینچ نے جسٹس منصور علی شاہ کے خلاف توہین عدالت سے متعلق کیس کی سماعت کی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی محتسب کی طرف سے جسٹس منصور علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس دیا گیا اور نوٹس اس وقت جاری کیا گیا تھا جب جسٹس منصور علی شاہ لاہور ہائیکورٹ کے جج تھے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ وفاقی محتسب نے توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا ہے اور وفاقی محتسب نے اپنی متفرق درخواست بھی واپس لے لی ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیس تو ایسا لگتا ہے جیسے ایک ہائیکورٹ نے دوسری ہائیکورٹ کو نوٹسز کیے۔

بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بینچ نے وفاقی محتسب کی طرف سے جسٹس منصور علی شاہ کے خلاف توہین عدالت کیس نمٹا دیا۔

Read Comments