ایک ڈومین نے بھارت کے سب سے بڑے انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم کو سر پیٹنے پر مجبور کردیا
بھارت میں ایک ایسا واقعہ رونما ہوا ہے جس نے ملک کے سب سے بڑے انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم کے لیے شدید الجھنیں پیدا کردی ہیں۔
جیو ہاٹ اسٹار ڈراما میں اب ایک نیا ٹوئسٹ آیا ہے۔ دبئی سے تعلق رکھنے والے بھائی بہن دعوٰی کر رہے ہیں کہ انہوں نے یہ ڈومین ایک ڈیویلپر سے خریدا تھا۔
دہلی سے تعلق رکھنے والے ڈیویلپر نے یہ ڈومین خرید کر ریلائنس انڈسٹریز کو ناراض کیا۔ اس نے یہ ڈومین دبئی سے تعلق رکھنے والے بچوں جینام اور جیویکا کو بیچی۔
دہلی کے ایک ویب ڈیویلپر نے jiohotstar.com خریدا تھا اور یہ JioCinema اور Hotstar کے انضمام سے بہت پہلے کی بات ہے۔
یہ قضیہ jiohotstar.com پر ایک خط پیش کیے جانے سے پیدا ہوا۔ ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار اور ریلائنس انڈسٹریز کے ذیلی ادارے وایا کام 18 کے انضمان کے بعد جیو ہاٹ اسٹار ڈاٹ کام فطری نام تھا۔ ان دونوں پلیٹ فارمز کے انضمان کی بُو سوسنگھ کر دہلی کے ایک ویب ڈیویلپر نے یہ ڈومین پہلے ہی خرید لیا تھا۔
ڈیویلپر نے ریلائنس گروپ سے کہا تھا کہ اگر یہ ڈومین چاہیے تو ایک کروڑ روپے ادا کرے۔ ایپ ڈیویلپر کا کہنا ہے کہ ریلائنس کے ایک ایگزیکٹیو نے رابطہ کرکے بتایا تھا کہ گروپ اُسے رقم نہیں دے گا۔
ہفتے کو اس ویب سائٹ پر 13 سالہ جینام اور اس کی 10 سالہ بہن جیویکا کی تصویر نمودار ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈومین انہوں نے دہلی کے ایپ ڈیویلپر سے خرید لی ہے۔ یہ دونوں بھائی بہن دبئی سے تعلق رکھتے اور ان کی ویب سائٹ jainamjivikafuntime.com ہے۔
ان دونوں نے اپنے خط میں دعوٰی کیا ہے کہ وہ کچھ نیا کرنے کا عزم لے کر میدان میں آئے ہیں اور کسی نہ کسی طور اپنے آپ کو کسی انفرادیت کے حوالے منوانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ دونوں بھائی بہن یو ٹیوب چینل چلاتے ہیں جس پر وہ کھلونوں اور گیمز کے بارے میں لوگوں کی راہ نمائی کرتے ہیں۔ ان دونوں کے نام سے جینام جیویکا فاؤنڈیشن بھی قائم ہے جس کے ڈائریکٹرز کانتی لعل شنکر لعل جین اور شوبھا کانتی لعل جین ہیں۔