شائع 14 جولائ 2024 10:49am

چھوٹی موٹی غلطیاں بھول کر آگے دیکھنا چاہیے، صدر زیلینسکی

یوکرین کے صدر وولودومیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ اُنہیں امریکی ہم منصب جو بائیڈن کی زبان کے پھسل جانے پر کوئی افسوس نہیں۔ کبھی کبھی ایسا ہو جاتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کی چھوٹی موٹی غلطیاں بھول کر آگے دیکھنا چاہیے۔

ایک انٹرویو میں جب زیلنسکی سے پوچھا گیا کہ جب امریکی صدر نے اُنہیں روسی صدر پوٹن کے نام سے مخاطب کیا تو اُنہیں کیسا لگا تو زیلینسکی نے کہا کہ کچھ تو جو بائیڈن کی عمر کا تقاضا ہے اور کچھ یوں بھی ہے کہ کبھی کبھی انسان غلطی کر بیٹھتا ہے۔ بہر حال، غلطیاں بھول کر ہمیں معاملات بہتر بنانے پر متوجہ رہنا چاہیے۔

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر کو اس بات کا شدید خوف لاحق ہے کہ اگر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ امریکا کے صدر منتخب ہوئے تو اُن کے ملک کے لیے فوجی اور اقتصادی امداد روک دیں گے۔

گزشتہ ہفتے وولودومیر زیلینسکی امریکی دارالحکومت میں تھے جہاں انہوں نے معاہدہ شمالی بحرِ اوقیانوس کی تنظیم نیٹو کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جانے والی تین روزہ نیٹو سربراہ کانفرنس میں شرکت کی۔ انہوں نے نیٹو قائدین سے ملاقاتیں کی تاکہ یوکرین کے لیے زیادہ سے زیادہ فوجی اور اقتصادی امداد کا وعدہ لے سکیں۔

یوکرین کے صدر نے امریکی کانگریس کے سرکردہ ارکان سے بھی ملاقاتیں کی تاکہ اُنہیں یوکرین کے لیے امداد جاری رکھنے پر آمادہ کرسکیں۔ وہ کانگریس کے ارکان سے یہ وعدہ لینا چاہتے تھے کہ ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کی صورت میں بھی یوکرین کی مدد جاری رکھی جائے گی تاکہ وہ جنگ کے محاذوں پر روس کو منہ دینے کے قابل رہ سکے۔

Read Comments