شائع 14 جولائ 2023 06:22pm

دھابیجی اسپیشل اکنامک زون منصوبہ 10 سال کیلئے ٹیکس فری قرار

سندھ حکومت نے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون منصوبے کو 10 سال کیلئے ٹیکس فری قرار دے دیا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاروں کے لئے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون منصوبے کو 10 سال کیلئے ٹیکس فری قرار دے دیا ہے، دھابیجی اکنامل زون میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو انڈسٹری لگانے کی دعوت دیتے ہیں، مشینری امپورٹ پر بھی کوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔

شرجیل میمن نے غیرملکی سرمایہ کاروں کو انڈسٹری لگانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ نیا منصوبہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سود مند ثابت ہوگا، جب کہ اس منصوبے کے ذریعے ملک میں 5 ارب ڈالر آنے کی توقع ہے، پاکستان اور پورے خطے کے لئے کچھ اچھا ہونے جا رہا ہے۔

چیئرمین دھابیجی اسپیشل اکنامک زون محبت خان کا کہنا تھا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سے ہزاروں لوگوں کو نوکریاں میسر آئیں گی، اور کم از کم 50 ہزار افراد کو نوکریاں ملیں گی، جس سے بے روزگاری کے بادل چھٹیں گے، جب کہ پروجیکٹ میں سالڈ ویسٹ، سیوریج اور واٹر سپلائی کے سسٹم کو گرین انوائرمنٹ کے مطابق رکھا گیا ہے۔

اس موقع پر پرجیکٹ ڈائریکٹر قاسم نوید قمر نے اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو سستی بجلی فراہم کرنے کا بھی اعلان کردیا۔ اور کہا کہ معیشت کو بحران سے نکالنے کا واحد حل ہے ایکسپورٹ کو بڑھائیں۔

قاسم نوید قمر کا کہنا تھا کہ 1530ایکڑ پر یہ اکنامک زون بننے جارہا ہے، اس جیسا اکنامک زون پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں بنا، سندھ پاکستان کا پاورہاؤس ہے سندھ سے بجلی کی زیادہ پیداوار ہوتی ہے، اسپیشل اکنامک زون میں سستی بجلی دیں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 15جولائی کو دھابیجی اسپیشل اکنامک زون منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

Read Comments