سبزیوں سے کیمیکل صاف کرنے کا آسان گھریلو طریقہ
سبزیوں کو نمکین پانی میں بھگو کر ان کی سطح سے کیمیکل کو کم کیا جا سکتا ہے، جس سے روزمرہ کی سبزیاں زیادہ صاف اور محفوظ ہو جاتی ہیں۔
گھر میں سبزیوں کو دھونا ایک معمول کی بات ہے، مگر صرف نلکے کے پانی سے جلدی سے گزار دینا ہمیشہ کافی نہیں ہوتا۔ کھیتوں میں استعمال ہونے والی زرعی ادویات (پیسٹی سائیڈز)، مٹی اور جراثیم اکثر سبزیوں کی سطح پر موجود رہتے ہیں۔
اگرچہ ایسا ممکن نہیں کہ گھر پر تمام کیمیائی اثرات مکمل طور پر ختم ہوجائیں، لیکن چند سادہ طریقوں سے انہیں کسی حد تک دور کیا جاسکتا ہے۔ ان ہی مؤثر اور آسان طریقوں میں سے ایک ہے نمک والا پانی۔
نمک پانی میں گھل کر ایک ہلکا سا محلول بناتا ہے جو سبزیوں کی سطح پر جمی مٹی، چھوٹے کیڑے اور کچھ حد تک زرعی ادویات کے ذرات کو ڈھیلا کرنے میں مدد دیتا ہے۔
خاص طور پرتہہ داریا باریک دراڑوں والی سبزیوں گوبھی، پھول گوبھی اور پالک کی صفائی میں یہ طریقہ زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ تاہم یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ یہ طریقہ صرف سطح پر موجود کیمیکل کے ذرات کو کم کرسکتا ہے اندر جذب شدہ کیمیکلز کو صاف نہیں کرتا ہے۔
سبزیوں کو نمک سے صاف کرنے کا درست طریقہ
ایک بڑے برتن میں صاف پانی لیں اور فی لیٹر پانی میں ایک سے دو چائے کے چمچ عام نمک شامل کریں۔ اچھی طرح ہلائیں تاکہ نمک مکمل طور پر حل ہو جائے۔ پانی ہلکا سا نمکین ہو، زیادہ تیز نہ ہو۔
سبزیوں کو پہلے سادہ پانی میں ہلکا سا دھو لیں تاکہ اوپر جمی مٹی اتر جائے۔ اس سے نمک والا پانی زیادہ مؤثر رہے گا۔
سب انہیں نمک ملے پانی میں ڈبو دیں اور تقریباً 10 سے 15 منٹ تک رہنے دیں۔ پتوں والی سبزیوں کے پتے الگ کر کے ڈالیں تاکہ پانی اندر تک پہنچ سکے۔
سخت چھلکے والی سبزیوں جیسے آلو، کھیرا یا بینگن کو ہاتھ سے ہلکا سا رگڑیں۔ پتوں والی سبزیوں کو پانی میں آہستہ سے ہلائیں تاکہ چھپی ہوئی گندگی بھی نکل جائے۔
نمک والے پانی سے نکالنے کے بعد سبزیوں کو دوبارہ صاف بہتے پانی میں اچھی طرح دھونا ضروری ہے تاکہ نمک اور ہٹی ہوئی مٹی مکمل طور پر صاف ہو جائے۔
سبزیوں کو چھلنی میں رکھ کر پانی نتھار لیں۔ اگر ضرورت ہو تو صاف کپڑے سے خشک کر لیں۔ خشک سبزیاں زیادہ دیر تک محفوظ رہتی ہیں اور پکانے میں بھی بہتر نتائج دیتی ہیں۔
یاد رکھیں زیادہ دیر تک بھگونے سے سبزیوں کی ساخت متاثر ہو سکتی ہے۔
کبھی بھی نمک والے پانی سے نکال کرفورا نہیں پکائیں بلکہ اسے پہلے لازمی دھوئیں۔
چند اضافی منٹ اور صرف نمک اور پانی کی مدد سے آپ اپنی روزمرہ اسبزیوں کو پہلے سے زیادہ صاف اور محفوظ بنا سکتی ہیں۔
















