ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کی تفصیلات سامنے آ گئیں
دنیا کی مقبول گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور این ایف ایل اسٹار ٹریوس کیلسی کی شادی کی تاریخ اور دیگراہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
شادی کی اطلاعات انسٹاگرام پر ان کی منگنی کے اعلان کے بعد سے گردش کر رہی ہیں۔ مداح ہر چھوٹی بڑی تیاری پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اوراپنے اس پسندیدہ جوڑے کی ہر پیش رفت کو بڑی دلچسپی سے فالو کر رہے ہیں۔
انٹرٹینمنٹ ٹونائٹ کے مطابق شادی کی تقریب مشہور مقام دی اوشین ہاؤس میں 13 جون کو منعقد ہونے کی توقع ہے۔ اس تاریخ کا انتخاب ٹیلر کے مداحوں کے لیے خاص دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ وہ ہمیشہ نمبر 13 کو خوش قسمتی کی علامت مانتی رہی ہیں۔
اگرچہ جوڑے کی طرف سے رسمی تصدیق ابھی باقی ہے، اکنامکس ٹائمز اور دیگر رپورٹس کے مطابق شادی میں اہم اور معروف شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ ٹیلر سوئفٹ کے قریبی حلقے کے دوست اور شوبز و اسپورٹس انڈسٹری کے مشہور افراد تقریب میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مشہور امریکی ریپر، فلیور فلیو نے شادی کی صدارت کی پیشکش کی ہے، جبکہ مشہور ٹی وی ہوسٹ گراہم نارٹن مہمانوں میں شامل ہوں گے۔ شادی کے رسمی کاغذات تقریب کے 30 دن کے اندر مکمل کیے جانے کی توقع ہے، جیسا کہ اعلیٰ پروفائل شادیاں عموماً کرتی ہیں تاکہ پرائیویسی اور شیڈول کے مطابق کارروائی بروقت مکمل ہو سکے۔
یاد رہے ٹیلر اور ٹریوس نے اپنی منگنی کے موقع پر انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے مداحوں کے ساتھ خوشی کا لمحہ شیئر کیا تھا، جس میں ٹریوس کے گھر کے پھولوں سے سجے باغ میں ان کی تصاویر شامل تھیں۔
ٹریوس نے پرپوز کے لیے ایک خصوصی ڈیزائن شدہ انگوٹھی استعمال کی تھی، جسے آرٹفیکس فائن جیولری نے تیار کیا تھا۔ پوسٹ میں جوڑے نے خوش مزاج انداز میں لکھا تھا: ”آپ کی انگلش ٹیچر اور آپ کا جم ٹیچر شادی کر رہے ہیں۔“
رہوڈ آئی لینڈ کے علاقے واچ ہِل میں ٹیلر سوئفٹ کی رہائش گاہ موجود ہے، اور مقامی ذرائع کے مطابق شادی کی تاریخ کے اعلان کے بعد ہوٹلوں کے کرایے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یہ شادی ان کی منگنی کے اعلان کے تقریباً ایک سال بعد ہو رہی ہے، اور دنیا بھر کے مداح اس کے ہر مرحلے پر گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
















