کوہاٹ: ڈاکٹر مہوش قتل کیس میں مطلوب دو ملزمان گرفتار
کوہاٹ میں ڈاکٹر مہوش کے قتل میں مطلوب دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کو 9 ایم ایم پستول کی سات گولیاں ماری گئیں۔
کوہاٹ میں ڈسٹرکٹ اسپتال کی ڈاکٹر مہوش کے قتل کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے اور پولیس نے واردات میں مطلوب دونوں ملزمان حیات گل اور سیف علی خان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان واقعے کے بعد روپوش ہوگئے تھے، ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں کے تعاون سے ملزموں کی گرفتاری ممکن ہوئی۔
دوسری جانب ڈاکٹر مہوش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق مقتولہ کو نائن ایم ایم پستول کی سات گولیاں ماری گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گولیاں ہاتھوں، سینے اور پیٹ میں لگیں۔ شدید فائرنگ کے باعث دل، پھیپڑے، جگر اور گردے سمیت اہم اعضاء کو شدید نقصان پہنچا، جو موت کا سبب بنا۔
واقعے کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاج بدستور جاری ہے۔ مالاکنڈ اور مردان ڈویژن کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے ہڑتال کر رکھی ہے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ڈاکٹر مہوش کو گذشتہ دنوں اسپتال سے گھر جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

















