راولپنڈی کے 60 سالہ حکیم کا شادی پر غلط تبصرے کرنے والوں کو جواب
سوشل میڈیا پر ایک بزرگ شہری کی شادی کی خبر کے خوب چرچے ہیں۔ جہاں صارفین میاں بیوی کی عمر کو لے کر مختلف تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں وہیں اِس اقدام کو خوب پذیرائی بھی مل رہی ہے۔ اس معاملے پر خود نوبیاہتا جوڑے کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
راولپنڈی کے حکیم بابر نے شادی کے بعد سامنے آنے والے ردعمل پر دلہن کے ہمراہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی ہے۔ جس میں انہوں نے ان کی شادی اور عمر سے متعلق غلط تبصرے کرنے والوں کی خوب کلاس لی ہے۔
حکیم بابر نے محبت کی شادی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’یہ ارینج میرج بھی اور لَو میرج بھی، کیوں کہ ہم دونوں نے پہلے ایک دوسرے کو پسند کیا اس کے بعد ہی شادی ہوئی‘۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی عمر سے متعلق تبصروں کا بھی جواب دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمر میں کیا رکھا ہے دل جوان ہونا چاہیے‘۔
حکیم بابر نے کہا انہوں نے طلاق یافتہ خاتون سے نکاح کرکے سنت پر عمل کیا ہے، ان کے اس عمل کو سراہا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر تنقید سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس عمل پر تنقید وہ لوگ کر رہے ہیں جو نکاح کے بجائے ناجائز تعلقات کو ترجیح دیتے ہیں۔
ان کی اہلیہ نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ’جب دل سے محبت ہو جائے تو عمر کی قید باقی نہیں رہتی‘۔
واضح رہے کہ اس جوڑے کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس میں ایک باریش شخص عروسی لباس میں ملبوس خاتون کو ہاتھوں میں گجرے پہناتے نظر آرہے ہیں۔
یہ معاملہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا جس کے بعد مختلف آراء سامنے آنا شروع ہوگئیں۔
جہاں ایک جانب صارفین اس معاملے پر میمز اور مزاحیہ تبصرے کرتے نظر آئے وہیں صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس اقدام کو سراہا۔ صارفین کا کہنا تھا یہ عمل معاشرے میں نکاح کو عام کرنے کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔















