ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف میچ، ’اگر مگر سے بچنا ہے تو کیا کرنا ہوگا؟
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا دوسرا میچ انگلینڈ کے خلاف سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے گی، جہاں گرین شرٹس کے لیے فتح ناگزیر قرار دی جا رہی ہے۔ اگرمگر کی صورتحال سے بچنے اور سیمی فائنل کی دوڑ میں مضبوط پوزیشن حاصل کرنے کے لیے قومی ٹیم کو ہر صورت کامیابی درکار ہے۔
ذرائع کے مطابق سپر ایٹ مرحلے میں سیدھا فارمولا یہی ہے کہ انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ آسان بنایا جائے، بصورت دیگر قومی ٹیم کو دیگر ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر پاکستان کو شکست ہوئی تو پوائنٹس ٹیبل پر پیچیدہ صورتحال جنم لے سکتی ہے۔
میچ پالے کیلے اسٹیڈیم میں شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا، جہاں شائقینِ کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
قومی ٹیم کے فائنل الیون میں ایک یا دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، ٹیم مینجمنٹ پچ اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے گی۔
قومی بیٹر صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ انہیں انگلینڈ کے فاسٹ باولر جوفرا آرچر کو کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیٹرز کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق ٹیم کو اپنے اسپنرز پر مکمل بھروسا ہے اور وہ میچ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو پوائنٹس تقسیم کرنا پڑے۔ دوسری جانب انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کو کینڈی میں ہی شکست دے کر اپنی پوزیشن مستحکم کی ہے۔
















