خضدار اور بارکھان میں تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے 14 مزدور اغوا
بلوچستان کے ضلع خضدار اور بارکھان میں تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے 14 مزدور کو اغوا کرلیا گیا ہے جب کہ مسلح شرپسند پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی چھین کر لے گئے ہیں۔
خضدار اور بارکھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 مختلف واقعات میں تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے 14 مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق خضدار سے تقریباً 50 کلومیٹر دور مولہ کے علاقے میں زیرِ تعمیر واٹر چینل منصوبے پر کام کرنے والی ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے حملہ کیا اور کیمپ میں موجود گاڑی میں نو مزدوروں کو زبردستی بٹھایا اور انہیں نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔
اغوا ہونے والوں میں پراجیکٹ منیجر گل شیر بھی شامل ہے، 2 مزدوروں کا تعلق سندھ جب کہ باقی سات کا تعلق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہے۔
دوسری جانب بارکھان کے علاقے ڈھولا ندی کے قریب سڑک کی تعمیر پر کام کرنے والی نجی کمپنی کے کریش پلانٹ پر بھی مسلح افراد نے حملہ کیا اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے وہاں موجود پانچ مزدوروں کو اغوا کر کرکے قریبی پہاڑی کی طرف فرار ہو گئے۔ مغوی مزدوروں کا تعلق بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل سے بتایا جا رہا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے کرش پلانٹ سے کچھ فاصلے پر قائم پولیس چوکی پر بھی حملہ کیا اور وہاں تعینات تین پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا۔















