بشریٰ انصاری سے شادی اور ’خفیہ نکاح‘ کی وضاحت، اقبال حسین تنقید کی زد میں
پاکستان کے معروف اداکار و ہدایتکار اور ورسٹائل اداکارہ بشری انصاری کے شوہر اقبال حسین اپنے حالیہ انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث کا مرکز بن گئے ہیں۔
اقبال حسین اور بشری انصاری نے حال ہی میں ایک نجی چینل کی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی۔ گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی نجی زندگی اور شادی سے متعلق کئی دلچسپ باتیں شیئر کیں۔
انٹرویو میں اقبال حسین نے اعتراف کیا کہ وہ ہمیشہ سے اپنے سے بڑی عمر کی خواتین کو پسند کرتے رہے ہیں اور ان کی ذہنی ہم آہنگی عموماً پختہ اور سنجیدہ خواتین کے ساتھ زیادہ بہتر رہی۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں ایک جملہ بھی کہا کہ وہ دوستوں سے کہتے تھے کہ تمہاری بہنیں تو محفوظ ہیں اپنی ماؤں کو ان سے بچا کر رکھیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے تنقید کی۔
دوسری جانب اسی پروگرام میں اقبال حسین نے اپنی اور بشریٰ انصاری کی شادی سے متعلق بھی کھل کر بات کی۔
گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ کبھی بھی خود کو شادی شدہ زندگی کے لیے موزوں شخص نہیں سمجھتے کیونکہ ان کی طبیعت قدرے آزاد اور خانہ بدوش سی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کم عمری ہی سے اپنی عمر سے زیادہ سنجیدہ اور پختہ سوچ رکھتے تھے، اسی وجہ سے ان کی ذہنی ہم آہنگی عموماً اپنے سے بڑی عمر کی خواتین کے ساتھ بہتر رہی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ طویل عرصے سے بشری انصاری کو پسند کرتے تھے، لیکن ابتدا میں وہ شادی کے لیے زیادہ تیار نہیں تھے، بلکہ بشریٰ انصاری انہیں دیگر رشتوں کے پروپوزل دکھایا کرتی تھیں۔
ایک موقع پر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر وہ انہیں شادی شدہ دیکھنا چاہتی ہیں تو خود ہی کیوں نہ ان سے شادی کر لیں۔ بعدازاں انہوں نے سنجیدگی سے رشتہ بھیجا اور یوں دونوں نے نئی زندگی کا آغاز کیا۔
”خفیہ نکاح“ کے تاثر پر بات کرتے ہوئے اقبال حسین کا کہنا تھا کہ نکاح کبھی خفیہ نہیں ہو سکتا کیونکہ اس میں گواہ اور اہلِ خانہ شامل ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق لوگوں کو دوسروں کی نجی زندگی پر رائے دینے کے بجائے اپنی اصلاح پر توجہ دینی چاہیے۔
بشریٰ انصاری نے بھی وضاحت کی کہ وہ ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا پسند کرتی ہیں اور انہیں خدشہ تھا کہ عوامی ردعمل غیر ضروری تنازع کھڑا کر سکتا ہے، اسی لیے انہوں نے ابتدا میں شادی کو محدود دائرے تک رکھا۔
انٹرویو کے کچھ حصوں پر صارفین کی جانب سے تنقید جاری ہے۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ بڑی عمر کی خواتین کو پسند کرتے تھے تو انہوں نے ماضی میں فرح سعدیہ سے شادی کیوں کی؟

کچھ لوگوں نے رمضان ٹرانسمیشن میں اس قسم کی گفتگو کو بھی نامناسب قرار دیا۔

















