سیمی فائنل میں بھارت سے مقابلہ ہوا تو جیت ہماری ہوگی، راشد لطیف

نعمان نیاز کا دلچسپ ردعمل، کہا آنکھوں پر پٹی باندھ کر کھیلیں گے کیا؟
شائع 20 فروری 2026 04:37pm

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے سے قبل ممکنہ سیمی فائنل مقابلوں پر ماہرین کرکٹ کی بحث بھی تیز ہو گئی ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف نے پراعتماد انداز میں کہا ہے کہ اگر سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوا تو اس بار کامیابی پاکستان کے حصے میں آئے گی۔

راشد لطیف نے اپنے تجزیے میں دو ٹوک انداز اپناتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم اس وقت متوازن نظر آ رہی ہے اور اگر بھارت کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے کا موقع ملا تو نتیجہ مختلف ہوگا اور پاکستان جیتے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے نتائج اپنی جگہ، لیکن موجودہ ٹیم میں مقابلہ جیتنے کی صلاحیت موجود ہے۔

ان کے اس بیان پر معروف اسپورٹس تجزیہ کار نعمان نیاز نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا بھارتی ٹیم آنکھیں بند کرکے کھیلے گی یا آنکھوں پر پٹی باندھ لے گی؟ خدا کا خوف کریں راشد بھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بھی مضبوط ٹیم ہے اور کسی بھی بڑے میچ کو آسان سمجھنا درست نہیں۔

راشد لطیف نے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کا سیمی فائنل میں ٹاکرا ہوا تو اس بار نتیجہ پاکستان کے حق میں جائے گا۔ کرکٹ حلقوں میں دونوں ماہرین کے بیانات پر بحث جاری ہے اور شائقین ممکنہ پاک بھارت مقابلے کے حوالے سے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سپر ایٹ مرحلے کے بعد ہی سیمی فائنل لائن اپ واضح ہوگی، تاہم ماہرین کی پیشگوئیوں نے ممکنہ پاک بھارت مقابلے کو پہلے ہی موضوعِ گفتگو بنا دیا ہے۔