بھارت میں دلہن پر کروڑوں روپے نچھاور کرنے کا معاملہ، حقیقت سامنے آگئی
بھارت کی ریاست پنجاب میں ایک شادی کی تقریب کے دوران دلہا اور اس کے اہلِ خانہ کی جانب سے دلہن پر پیسے نچھاور کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ نچھاور کی گئی رقم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تقریب پنجاب کے شہر ترنتارن میں منعقد ہوئی جہاں دلہا دلہن کا ہاتھ تھامے ہوئے بیگ سے نوٹوں کی گڈیاں نکال کر فضا میں اچھالتا رہا۔
ویڈیو میں مہمانوں کو موسیقی پر رقص کرتے اور فضا میں نوٹ اچھالتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ فرش بھی کرنسی نوٹوں سے ڈھکا ہوا نظر آرہا ہے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین اور غیر مصدقہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ اس تقریب میں کروڑوں روپے لٹائے گئے اور نچھاور کی جانے والی رقم تقریباً ساڑھے 8 کروڑ روپے تھی۔ بعض صارفین نے اسے ’گرینڈ کیش پارٹی‘ بھی قرار دیا۔
انڈیا ٹو ڈے کے مطابق دلہا کے بھائی سکندر سنگھ نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ شادی میں رقم نچھاور کی گئی مگر اس کی مالیت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے قریب بھی نہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس تقریب کے ایونٹ منیجر اور ڈی جے نے بھی ساڑھے 8 کروڑ روپے نچھاور کیے جانے کے دعوے کو مسترد کیا ہے۔ ان کے مطابق تقریب میں مجموعی طور پر تقریباً 4 لاکھ روپے نچھاور کیے گئے تھے جس میں ڈالرز بھی شامل تھے۔
تقریب کے منتظمین کا کہنا تھا کہ انہیں علم نہیں کہ کروڑوں روپے کی رقم کا دعویٰ کیسے سامنے آیا اور کیسے وائرل ہو گیا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں شادیوں میں رقم نچھاور کرنا ایک روایتی رسم سمجھی جاتی ہے۔
وضاحتیں سامنے آنے کے باوجود ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور اس پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ افراد نے تقریب کی شان و شوکت اور جشن کے انداز کو سراہا ہے جب کہ بعض نے اسے غیر ضروری اور حد سے زیادہ خرچ قرار دیا۔
















