لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

مارے گئے خارجی متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 19 فروری 2026 08:16pm

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 18 اور 19 فروری کی درمیانی شبلکی مروت میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا اور کارروائی کے دوران فورسز نے ہدف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 4 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ”عزم استحکام“ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم، صدر، وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کیخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کررہی ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدرِ مملکت آصف زرداری نے بھی لکی مروت میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور اداروں کی انتھک جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی لکی مروت میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 4 دہشت گردوں کوجہنم واصل کیا، قوم سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔