پی ٹی آئی نے دھرنا ختم کردیا؛ ’کچھ اور پلان کر رہے ہیں‘

رمضان کے بعد دوبارہ احتجاج کا امکان ہے: شفیع جان
شائع 19 فروری 2026 08:12am

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان راجا ناصر عباس نے کیا۔

علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ رمضان المبارک شروع ہونے والا ہے، اس لیے دھرنا ختم کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران ہمیں محصور رکھا گیا، پارلیمنٹ ہاؤس، ارکان اسمبلی لاجز اور خیبرپختونخوا ہاؤس میں کئی ارکان بند ہو کر رہ گئے، ہمارے خلاف مقدمات درج ہونے شروع ہوگئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان شفیع جان نے کہا کہ راجا ناصر عباس نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور اب کچھ اور پلان کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان کے بعد دوبارہ احتجاج کا امکان ہے۔

شفیع جان کے مطابق نئی فورس بنانے کا مقصد کسی کو ترک کی بتی کے پیچھے لگانا نہیں بلکہ ایک پرامن فورس تشکیل دینا ہے جس میں باقاعدہ حلف لے کر افراد کو شامل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد یہ فورس ختم کر دی جائے گی۔

ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے فورس بنانے کے اعلان نے سیاسی ماحول کو مزید گرم کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پہلے تیاری کی جائے گی پھر میدان میں اترا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا، اس کے لیے انگلی ٹیڑھی کرنا پڑے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں عمران خان کی طرف سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

دوسری طرف پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہائی فورس کے اعلان کو انتشار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا انجام پہلے جیسا ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل کے خواہاں ہیں مگر شرائط پر مسئلہ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات دی جا رہی ہیں اور جو بھی قانونی طور پر رعایت ممکن ہوئی وہ دی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ رمضان المبارک میں شیطان بند ہو جاتے ہیں، اس لیے سیاسی کشیدگی کم ہونی چاہیے۔