عماد وسیم نے دوسری شادی کرلی، اہلیہ کون ہیں؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم نے دوسری شادی کرلی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اپنی دوسری شادی کی اطلاع دی ہے۔
پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ میں سابق کرکٹر عماد وسیم نے لکھا کہ میں نے اپنی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک کا سامنا کیا جب میری شادی کامیاب نہ ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود اُس دور نے مجھے میری زندگی کی سب سے بڑی نعمتیں عطا کیں، یعنی میرے بچے۔ میں ان سے لفظوں سے بڑھ کر محبت کرتا ہوں اور یہ محبت کبھی کم نہیں ہوگی۔

عماد وسیم نے مزید کہا کہ میں ضرورت سے زیادہ عرصہ تک امید کا دامن تھامے رہا اور اُن چیزوں کو بچانے کی کوشش کرتا رہا جو میرے لیے سب سے زیادہ اہم تھیں۔ اس دوران میں نے کچھ ایسے فیصلے کیے جن پر مجھے افسوس ہے، میری تاخیر اور خاموشی نے ایک ایسی صورتحال پیدا کی جس میں ایک بے گناہ شخص کو ناحق تنقید اور فیصلوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وہ مستحق نہیں تھی۔ میں اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور سچے دل سے اس بوجھ کو تسلیم کرتا ہوں۔
سابق قومی کرکٹر نے کہا کہ اللہ کے فضل اور اپنے والدین کی رہنمائی سے میں نے اب نائلہ سے شادی کر لی ہے، یہ قدم سوچ سمجھ کر اور واضح ارادے کے ساتھ اٹھایا گیا ہے تاکہ ایک ایسی زندگی کی بنیاد رکھی جا سکے جو سکون، استحکام اور باہمی احترام پر قائم ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ نائلہ نے میری زندگی میں ٹھہراؤ، وقار اور مضبوطی پیدا کی ہے اور میں اپنے اس فیصلے پر مکمل یقین رکھتا ہوں۔
واضح رہے کہ 28 دسمبر 2025 کو کرکٹر عماد وسیم نے اپنی پہلی بیوی ثانیہ عاشق سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اس سے قبل عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے طویل عرصے سے اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے طلاق دینے کا اعلان کردیا تھا۔
واضح رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق اگست 2019 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور دونوں کے 3 بچے ہیں، جولائی 2025 میں عماد وسیم کی مبینہ طور پر نائلہ نامی لڑکی کے ساتھ دوستی کی خبریں بھی منظر عام پر آئی تھیں۔















