نوشہرو فیروز میں ہولناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

کار لاڑکانہ سے کراچی کی جانب جا رہی تھی، میتیں اسپتال منتقل
اپ ڈیٹ 16 فروری 2026 10:55am

نوشہرو فیروز کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار اور ٹریلر کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار لاڑکانہ سے کراچی کی جانب جا رہی تھی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق سولنگی برادری سے بتایا جا رہا ہے۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ ٹریلر سڑک کے کنارے جا رکا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کیں اور متعلقہ اداروں کو اطلاع دی۔

ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو گاڑی سے نکال کر ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کے ذریعے نوشہرو فیروز کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد لاڑکانہ سے کراچی جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جسے پولیس کی مدد سے بحال کر دیا گیا۔

پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور سے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی طور پر تیز رفتاری کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی رپورٹ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔