بشریٰ انصاری کا طلاق یافتہ مرد سے دوسری شادی کرنے والی لڑکیوں کو مشورہ

بعد میں پچھتانے سے بہتر ہے کہ پہلے تحقیقات کرلی جائیں، بشریٰ انصاری
شائع 08 فروری 2026 01:39pm

پاکستان کی ورسٹا ئل سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایسی لڑکیوں کو قیمتی مشورہ دیا ہے، جو طلاق یافتہ مرد سے شادی کرنے کا سوچ رہی ہیں۔

حال ہی میں اپنی یوٹیوب چینل پر ایک ولاگ میں اداکارہ نے کہا کہ، ’جو خواتین ایسی شادی کا فیصلہ کرتی ہیں، جہاں مرد کے بچے بھی ہوں اور اس کی پہلی شادی ختم ہو چکی ہو، انہیں یہ ضرور معلوم کرنا چاہیے کہ پہلی بیوی کو چھوڑنے کی وجہ کیا تھی۔ پہلے رشتے اور تعلقات میں کیا گڑ بڑ ہوئی تھی۔ یہ جاننا آپ کا حق ہے کہ پہلا رشتہ کیوں ٹوٹا۔‘

انہوں نے واضح کیا کہ، ’کبھی کبھی یہ ممکن ہے کہ پہلی شادی میں مسائل عورت کی پسند یا حالات کی وجہ سے پیدا ہوئے ہوں، لیکن عام طور پر ایسا نہیں ہوتا کہ کوئی عورت اپنے شوہر کو چھوڑ کر جائے۔ کسی کے لیے دوسرے کے بچوں کو قبول کرنا آسان نہیں ہوتا۔‘

ان کے مطابق مرد نئی شادی، نیا گھر اور نئے بچے بنانا آسان سمجھتا ہے۔ اس لیے لڑکیوں اور ان کے والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ تحقیق کریں کہ پہلی شادی میں کیا مسائل تھے، مرد کا اپنی سابقہ اہلیہ کے ساتھ کیا رویہ تھا اور اب وہ اپنے بچوں کا خیال رکھ رہا ہے یا نہیں۔‘

بشریٰ انصاری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ، ’جو شخص پہلی بار اپنی بیوی کو چھوڑ سکتا ہے، وہ دوسری اور تیسری بار بھی چھوڑ سکتا ہے۔ مرد کی فطرت بدلتی نہیں، اس لیے بعد میں پچھتانے سے بہتر ہے کہ پہلے تحقیقات کی جائیں۔‘

فنکارہ نے یہ بھی کہا کہ اس مشورے کا مقصد لڑکیوں کو محتاط اور ذمہ دارانہ فیصلے کرنے کی ترغیب دینا ہے، تاکہ وہ شادی کے بعد کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کریں۔