سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری مالی مشکلات کا شکار، امریکا میں ٹیکسی چلانے پر مجبور

قاسم سوری نے عیش و آرام کے لیے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے حلال رزق کمانے کو چنا: عارف علوی
شائع 05 فروری 2026 12:54pm

پاکستان کی قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما قاسم خان سوری نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان دنوں امریکا میں آن لائن ٹیکسی ’اوبر‘ چلا کر اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پال رہے ہیں۔

قاسم سوری نے علی حسنین ملک کے ساتھ ایک حالیہ گفتگو میں بتایا کہ پاکستان چھوڑنے کے بعد وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ انہیں اس طرح کا کام کرنا پڑے گا۔

قاسم سوری کا کہنا تھا کہ وہ چوری کرنے کے بجائے محنت مزدوری اور ایمانداری کی زندگی کو ترجیح دیتے ہیں اسی لیے وہ امریکا کی سڑکوں پر ٹیکسی چلا رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی سیاسی وابستگی کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے نظریے کے سپاہی ہیں اور ہمیشہ اسی سوچ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

قاسم سوری نے اپنے موجودہ حالات کو ملک میں جاری مبینہ ناانصافیوں اور سختیوں کے تناظر میں بیان کیا اور خاص طور پر عمران خان اور ان کے اہل خانہ کو درپیش قانونی مسائل کا ذکر کیا۔

انہوں نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے جیسے اہم ادارے میں ذمہ دار عہدے پر فائز رہے مگر انہوں نے کبھی وہاں سے ذاتی مال نہیں بنایا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سن 2018 سے پہلے وہ کوئٹہ میں اپنے گھر پر عمران خان اور ڈاکٹر عارف علوی جیسی اہم شخصیات کی میزبانی کرتے رہے ہیں اور وہ ہمیشہ سے ایک متوسط طبقے کے ایماندار پاکستانی رہے ہیں۔

سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قاسم سوری کی اس جدوجہد پر سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ان کی تعریف کی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انہیں اپنے دوست قاسم سوری پر فخر ہے جو قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہنے کے باوجود آج امریکا میں وقار اور خودداری کے ساتھ اوبر چلا رہے ہیں۔

سابق صدر کے مطابق قاسم سوری نے عیش و آرام کے لیے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے حلال رزق کمانے کو چنا جو ان کی ہمت اور بلند کردار کی علامت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ عمران خان کی بڑی کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے متوسط طبقے سے ایسے لیڈر پیدا کیے جو کرپشن کا حصہ نہیں بنے اور مشکل وقت میں کپتان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

انہوں نے قاسم سوری سمیت ان تمام کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے سخت حالات اور مالی نقصانات کے باوجود اپنی ہمت برقرار رکھی۔