علیزے شاہ کا شازیہ منظور کو دو ٹوک جواب
پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ علیزے شاہ نے سینیئر گلوکارہ شازیہ منظور کے بیان کو غیر مخلص قرار دیتے ہوئے سختی سے رد کر دیا۔
علیزے شاہ اور سینئر گلوکارہ شازیہ منظور کے درمیان تنازعہ دسمبر 2021 میں اُس وقت شروع ہوا جہاں گلوکارہ شازیہ منظور کے ساتھ اسٹیج پر واک کرتے ہوئے علیزے شاہ ریمپ پر پھسل گئی تھیں۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد علیزے شاہ نے دعویٰ کیا کہ شازیہ منظور نے انہیں جان بوجھ کر دھکا دیا تھا۔
حالیہ دنوں میں شازیہ منظور نے ایک انٹرویو میں اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا، تاہم علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر اس کے جواب میں ایک پیغام شیئر کیا ہے۔
علیزے شاہ نے لکھا کہ صرف اس لیے خلوص کی توقع رکھنا کہ سامنے والا سینئر ہے، ایسا ہی ہے جیسے دیوار پر سر مارنا۔
انہوں نے کہا کہ محض سینئر ہونا اس بات کی گارنٹی نہیں کہ کوئی شخص سچائی، سمجھداری اور وقار کا مظاہرہ بھی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مایوس کن بات یہ ہے کہ کچھ سینئر فنکارخبروں میں رہنے کے لیے کام کے بجائے تنازعات کی راہ اپناتے ہیں۔
علیزے نے شازیہ منظور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دل سے چاہتی ہیں کہ شازیہ منظور کی پہچان ان کی موسیقی اور صلاحیت کی وجہ سے ہو، نہ کہ بار بار مارننگ شوز میں ماڈلز اور اداکاروں کو نیچا دکھا کر۔
انہوں نے آخر میں شازیہ منظور کو مشورہ دیا کہ حقیقی قدر کبھی دوسروں کو کم تر ثابت کر کے ثابت نہیں کی جاتی۔
علیزے شاہ کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل ملا، جہاں کچھ لوگوں نے ان کی صاف گوئی کو سراہا جبکہ کچھ نے معاملے کو مزید نہ بڑھانے کا مشورہ دیا۔
















