بھارت میں طیارہ حادثہ، مہاراشٹرا کے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار 4 افراد سمیت ہلاک
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس پارٹی کے سربراہ اجیت پوار کا طیارہ بارامتی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی۔ اس حادثے میں طیارے کے دو پائلٹ اور اجیت پوار کے دو سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔
بھارت کے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے مطابق، ممبئی سے بارامتی جانے والے چارٹر طیارے پر سوار پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اجیت پوار بارامتی جا رہے تھے تاکہ ضلعی انتخابات سے پہلے چار عوامی اجتماعات سے خطاب کر سکیں۔
حادثے کا شکار طیارہ ایک ’بمبارڈیئر لیئرجیٹ 45‘ تھا، جو ممبئی سے چارٹر کیا گیا تھا اور دہلی کی کمپنی وی ایس آر کی زیرِ ملکیت تھا۔
حادثے کے بعد طیارہ مکمل طور پر جل گیا اور ملبہ ہر طرف بکھر گیا۔ ابتدائی تصاویر اور ویڈیوز میں شدید آگ اور دھواں نظر آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ رن وے 11 کے نزدیک لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک حادثہ پیش آیا اور طیارے نے فوری طور پر آگ پکڑ لی۔
اجیت پوار، جنہیں عوامی حلقوں میں ’دادا‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، شرد پوار پاور کے بڑے بھائی اننت راؤ کے بیٹے تھے۔
انہوں نے مہاراشٹرا کے کوآپریٹو سیکٹر میں مضبوط گرفت حاصل کی اور اپنی سیاسی شناخت قائم کی۔
2023 میں ان کی بغاوت نے نیشنل کانفرنس پارٹی کو تقسیم کر دیا اور وہ بعد میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس میں شامل ہو گئے۔
اجیت پوار مہاراشٹرا کے سیاسی طور پر با اثر خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جو کاشتکاری اور کوآپریٹو سیکٹر سے منسلک رہا۔
اجیت پوار نے اپنے والد اننت راؤ پوار کے انتقال کے بعد سیاست میں قدم رکھا اور ابتدائی تعلیم سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) تک مکمل کی۔
یہ حادثہ مہاراشٹرا کے سیاسی حلقوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، اور عوام اور سیاسی رہنما اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔














