اریجیت سنگھ نے اچانک ریٹائرمنٹ کی وجہ بتا دی

انہوں نے پلے بیک سنگنگ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
شائع 28 جنوری 2026 09:46am

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اور مقبول پلے بیک سنگر اریجیت سنگھ نے ریٹائرمنٹ کی اصل وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اچانک نہیں بلکہ کافی سوچ بچار کے بعد کیا ہے۔

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے گلوکار اریجیت سنگھ نے باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ اب فلموں کے لیے پلے بیک سنگنگ نہیں کریں گے۔ اس فیصلے نے نہ صرف مداحوں کو حیران کر دیا ہے بلکہ شوبز حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آخر اریجیت نے یہ بڑا قدم کیوں اٹھایا؟

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب اریجیت کے حالیہ گانے گہرا ہوا، گھر کب آؤ گے اور ماتر بھومی شائقین میں بے حد مقبول ہو رہے تھے۔

اریجیت نے سب سے پہلے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر نجی پوسٹ کے ذریعے اپنے فیصلے کا اشارہ دیا، جس کے بعد انسٹاگرام پر ایک تفصیلی بیان جاری کیا۔

اپنے بیان میں اریجیت سنگھ نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ انہوں نے ایک رات میں نہیں لیا۔ ان کے مطابق، ’میں کافی عرصے سے اس پر غور کر رہا تھا۔ آخرکار میں نے خود کو یہ قدم اٹھانے کے لیے تیار پایا۔‘

اریجیت سنگھ نے لکھا کہ وہ جلد چیزوں سے اکتا جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایک ہی گانے کو بار بار مختلف انداز میں اسٹیج پر پیش کرتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ، ’میں جلد بور ہو جاتا ہوں، اسی لیے میں لائیو پرفارمنس میں اپنے گانوں کی ترتیب بدلتا رہتا ہوں۔‘

اریجیت نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ انڈسٹری میں نئے گلوکاروں کو آگے آنے کا موقع ملے۔ ’میں نئی آوازیں سننا چاہتا ہوں جو مجھے متاثر کریں اور مجھے سیکھنے پر مجبور کریں۔‘

اپنی پوسٹ کے اختتام پر اریجیت سنگھ نے اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جو محبت اور عزت برسوں کے دوران ملی، وہ اسے کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

البتہ مداحوں کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ اریجیت سنگھ نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے پہلے سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کریں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے چند ریکارڈ شدہ گانے آئندہ کچھ عرصے تک ریلیز ہوتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ اریجیت سنگھ کو رومانوی اور درد بھرے گانوں کی وجہ سے خاص پہچان حاصل ہوئی۔ انہوں نے ریئلٹی شو فیم گروکل سے شہرت حاصل کی تھی اور بعد ازاں فلم مرڈر 2 کے گانے ’’پھر محبت‘‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ آج ان کا شمار بولی ووڈ کے کامیاب ترین گلوکاروں میں ہوتا ہے۔

فلم بیٹل آف گلوان کا گانا ماتر بھومی اریجیت سنگھ کا آخری پلے بیک گانا مانا جا رہا ہے۔ ان کے اس فیصلے سے بولی ووڈ موسیقی کے ایک سنہرے دور کا اختتام ہو گیا ہے۔