بھارتی فلم ’دھرندھر‘ کا اداکار گرفتار، ملازمہ سے 10 سال تک زیادتی کا الزام

اداکار سے مزید تفتیش جاری ہے۔
شائع 26 جنوری 2026 01:28pm

بھارتی پولیس نے بولی ووڈ فلم ’دھرندھر‘ کے اداکار ندیم خان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک گھریلو ملازمہ کے ساتھ دس سال تک جنسی زیادتی کی اور شادی کا وعدہ کر کے انہیں دھوکہ دیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی عمر 41 سال ہے اور وہ مختلف اداکاروں کے گھر کام کر چکی ہیں۔

ملازمہ نے بتایا ہے کہ وہ 2015 میں ندیم خان کے گھر کام کرنے آئیں اور آہستہ آہستہ ان کے قریب ہو گئیں۔

متاثرہ خاتون کے مطابق اداکار نے شادی کا وعدہ کیا، جس کی بنیاد پر ان کے درمیان جسمانی تعلقات قائم ہوئے جو تقریباً ایک دہائی تک جاری رہے۔

خاتون نے الزام لگایا کہ ندیم خان نے شادی کا وعدہ کر کے انہیں مالوانی میں اپنی رہائش گاہ اور ورسوا میں اپنے گھر میں کئی بار زیادتی کا نشانہ بنایا اور جب اداکار نے شادی کرنے سے انکار کیا تو خاتون نے قانونی چارہ جوئی کا راستہ اپنا تے ہوئے ورسوا پولیس کے پاس شکایت درج کروائی۔

پولیس کے مطابق چونکہ پہلی مبینہ زیادتی مالوانی پولیس کی حدود میں ہوئی تھی اور متاثرہ خاتون بھی اسی علاقے میں رہائش پذیر ہیں، کیس زیرو ایف آئی آر کے تحت مالوانی پولیس کومنتقل کیا گیا ہے۔

ندیم خان اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔