’نا اُمید پینگوئن‘ کی وائرل ویڈیو نے انٹرنیٹ پر آگ کیوں لگائی ہوئی ہے؟
انٹرنیٹ کی دنیا ایک بار پھر ایک عجیب ٹرینڈ کی گرفت میں ہے۔ اس ٹرینڈ کا مرکزی کردار ہے ایک ”اکیلا پینگوئن“، جو اپنے ساتھیوں سے الگ ہو کر برفانی ویرانے کی طرف چل پڑتا ہے۔ یہی منظر آج کل سوشل میڈیا پر ”مایوس پینگوئن“ کے نام سے وائرل ہو رہا ہے اور لاکھوں لوگ خود کو اس خاموش مسافر میں دیکھ رہے ہیں۔
یہ ٹرینڈ ایک مختصر ویڈیو کلپ سے شروع ہوا، جس میں ایک پینگوئن اپنے پورے جھنڈ کو چھوڑ کر انٹارکٹکا کے اندرونی، سنسان پہاڑوں کی سمت بڑھتا دکھائی دیتا ہے۔
یہ ویڈیو دراصل معروف جرمن فلم ساز ورنر ہرزوگ کی 2007 میں ریلیز ہونے والی ڈاکیومنٹری Encounters at the End of the World کا حصہ ہے۔ ڈاکیومنٹری کے ایک منظر میں دکھایا گیا ہے کہ ایک پینگوئن اپنے جھنڈ سے الگ ہو کر سمندر کی طرف جانے کے بجائے اندرونِ زمین برف پوش پہاڑوں کی جانب چل پڑتا ہے۔
عام طور پر پینگوئنز اپنے گروہ اور ساحل کے قریب رہتے ہیں، اس لیے لوگوں کو اس کا یوں تنہا چل پڑنا غیر معمولی لگا۔
ورنر ہرزوگ اپنی آواز میں اس سفر کو ایک طرح کی ”ڈیتھ مارچ“ قرار دیتے ہیں، کیونکہ ماہرین کے مطابق اس راستے پر چلنے والے پینگوئن کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔
جنوری 2026 کے آغاز میں اس ڈاکیومنٹری کے مختصر کلپس سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگے۔ 16 جنوری کو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی ایک ایڈیٹ نے تہلکہ مچاتے ہوئے اس ٹرینڈ کو عالمی سطح پر مقبول بنا دیا۔
اس ایڈٹ میں پینگوئن کے مناظر کو اداس موسیقی، آرگن کی دھن اور ہرزوگ کی سنجیدہ آواز کے ساتھ پیش کیا گیا، جس نے دیکھنے والوں کو جذباتی طور پر جھنجھوڑ دیا۔
انٹرنیٹ صارفین نے اس پینگوئن میں اپنی نوکریوں، رشتوں، روزمرہ کی یکسانیت اور ذہنی تھکن کی جھلک دیکھی۔
یہ ٹرینڈ اس وقت مزید خبروں میں آیا جب وائٹ ہاؤس کے آفیشل اکاؤنٹ نے ایک اےآئی تصویر شیئر کی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک پینگوئن کے ساتھ کھڑے دکھائے گئے۔
تصویر میں پینگوئن امریکی پرچم تھامے تھا اور دور گرین لینڈ کا جھنڈا نظر آ رہا تھا، ساتھ کیپشن تھا: ”Embrace the Penguin“۔

تاہم یہ پوسٹ تعریف کے بجائے تنقید کا نشانہ بن گئی۔ صارفین نے نشاندہی کی کہ، پینگوئن آرکٹک یا گرین لینڈ میں نہیں پائے جاتے۔ پینگوئن اور صدر کے قدموں کے نشان ایک جیسے تھے۔
ڈنمارک کے ایک رکنِ پارلیمنٹ نے طنزاً کہا: ”ٹرمپ کا گرین لینڈ سے تعلق اتنا ہی ہے جتنا پینگوئن کا۔“

بہت سے افراد کے مطابق یہ پینگوئن جدید انسان کی علامت بن چکا ہے، جو شور، ہجوم اور توقعات سے دور، خاموشی میں اپنا راستہ تلاش کرنا چاہتا ہے۔
سوشل میڈیا پر بننے والے میمز میں پینگوئن کو ایک ایسے کردار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو سب کچھ پیچھے چھوڑ کر بغیر کسی واضح مقصد کے آگے بڑھ رہا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے آج کا انسان اکثر خود کو محسوس کرتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ “ مایوس پینگوئن“ محض ایک وائرل ویڈیو نہیں بلکہ جدید دور کے اجتماعی جذبات کی نمائندگی بنتا جا رہا ہے۔
ایسی ہی کچھ میمز پر نظر ڈالتے ہیں۔

ایک خاموش پینگوئن نے وہ بات کہہ دی جو شاید ہم سب لفظوں میں نہیں کہہ پا رہے تھے۔















