شام کی جیل سے 200 داعش کے قیدی فرار، عراق میں ہائی الرٹ
شام کے شدادی جیل سے داعش کے دو سو مشتبہ افراد فرار ہونے کے بعد عراق پر داعش کا خطرہ بڑھ گیا۔ خطرے کے پیش نظر عراق نے شام کے ساتھ اپنی سرحد پر سیکیورٹی سخت کر دی ہے
عراقی حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں فوجی گاڑیاں تعینات کر دی گئی ہیں، داعش کے دوبارہ سر اٹھانے کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے انٹیلی جنس اور فوجی اقدامات میں اضافہ کر دیا ہے، عراقی پرچم بلند ہیں اور سیکیورٹی اہلکار مکمل جنگی تیاری کے ساتھ موجود ہیں۔
بارڈر فورسز کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی انتظامات گزشتہ کئی برسوں میں سب سے سخت ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ دراندازی کو روکا جا سکے۔
دوسری جانب شامی حکومت کا کہنا ہے کہ جیل سے فرار ہونے والے کئی مشتبہ افراد کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم خطے میں خطرہ تاحال برقرار ہے۔
عراقی بارڈر گارڈ فورسز کے چھٹے ریجن کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی راشد کے مطابق عراق نے سرحد پر سیکیورٹی کے لیے پانچ مربوط تہوں پر مشتمل رکاوٹیں قائم کی ہیں، جنہیں عبور کرنا انتہائی مشکل بلکہ ناممکن ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات اس خدشے کے تحت کیے گئے ہیں کہ داعش فرار ہونے والے عناصر کے ذریعے دوبارہ سرگرم ہونے کی کوشش کر سکتی ہے۔
عراقی حکام نے واضح کیا ہے کہ ملک کی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔















