عمر عالم شادی کے بندھن میں بندھ گئے
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمر عالم نے اپنی زندگی کے ایک نئے اور خوبصورت سفر کا آغاز کرتے ہوئے فضا مسرور کے ساتھ نکاح کر لیا۔
نکاح کی یہ روح پرور تقریب 24 جنوری کو نہایت سادگی سے منعقد ہوئی، جس میں صرف قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

نکاح کے موقع پر عمر عالم نے ہلکے پاؤڈر بلیو رنگ کا نفیس روایتی لباس زیب تن کیا، جس کے ساتھ ڈیزائنر کوٹ نے ان کے انداز کو خاصا دلکش بنا دیا۔

دلہن فضا مسرور نے ڈسٹی روز رنگ کا روایتی عروسی لباس پہنا، جس پر چاندی اور سنہری کڑھائی کے ساتھ نفیس سیکوئن ورک کیا گیا تھا۔ دوپٹہ کا چوڑا اور دیدہ زیب بارڈر ان کے چہرے کی خوبصورتی کو نمایاں کر رہا تھا۔
شادی کی تصاویر اور چند مناظر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس (خاص طور پر انسٹاگرام) پر بھی شیئر کیے، جس میں جوڑے کو خوشگوار لمحات گزارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کچھ تصویروں میں جوڑا ساحل سمندر کے قریب ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے بھی نظر آیا، جو شادی کے فوٹو شوٹ کا حصہ تھا۔

اس خوشی کے موقع پر عمر عالم نے اپنے قریبی دوستوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، جن میں شازیہ وجاہت، وجاہت رؤف، حسن رضوی، حنا میر اور دیگر شامل تھے۔
نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز بعد ازاں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔

واضح رہے کہ عمر عالم نے دسمبر 2024 میں اپنی اہلیہ فضا مسرور کو ایک فضائی سفر کے دوران منفرد انداز میں جہاز میں پروپوز کیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔
نکاح سے قبل شادی کی تقریبات کا آغاز ایک سادہ ڈھولکی سے بھی کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے عمر عالم اور فضا مسرور کو بھرپور مبارکباد دی جا رہی ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

عمر عالم نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا اور ڈرامہ سیریل ’’شہنائی‘‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی۔
بعد ازاں فلم ’’پرچی‘‘ میں ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا، تاہم انہیں اصل پہچان ریئلٹی شو ’’تماشا سیزن ون‘‘ جیتنے کے بعد ملی۔
ان کے نمایاں ڈراموں میں پہلی سی محبت، ٹیکسالی گیٹ، رقصِ بسمل، گرو اور حالیہ دنوں میں مقبول ہونے والا ڈرامہ رسمِ وفا شامل ہیں۔
















