نیویارک کے بینک میں ہرن کی توڑ پھوڑ: ویڈیو وائرل
نیو یارک کے سفولک کاؤنٹی میں ایک دلچسپ اور حیران کن واقعہ پیش آیا، ایک سفید دم والا ہرن ریج بینک کی شیشے کی کھڑکی توڑ کر اندر جا گھسا۔ جس سے نہ صرف سیکیورٹی الارم بج اٹھا بلکہ چند لمحوں کے لیے پورا بینک ہنگامی صورتِ حال کا منظر پیش کرنے لگا۔
یہ واقعہ 18 جنوری کو پیش آیا، جس کی باڈی کیم فوٹیج بعد ازاں عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے جاری کی۔
فوٹیج کے مطابق ہرن کے بینک میں داخل ہوتے ہی سیکیورٹی الارم فعال ہو گیا، جس کے بعد پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم جب افسران موقع پر پہنچے تو انکشاف ہوا کہ بینک کے اندر کوئی انسان نہیں بلکہ ایک خوف زدہ ہرن موجود ہے جو شیشے کی بڑی کھڑکی توڑنے کے بعد عمارت میں پھنس چکا تھا۔
باڈی کیم فوٹیج کے مطابق، ہرن شدید گھبراہٹ کا شکار تھا اور باہر نکلنے کی کوشش میں کبھی کاؤنٹرز سے ٹکراتا، کبھی میزوں پر چھلانگیں لگاتا دکھائی دیا۔ تاہم سفولک کاؤنٹی پولیس نے صورتِ حال کو قابو میں رکھنے کے لیے غیر معمولی تحمل اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
سفولک کاؤنٹی پولیس افسران نے احتیاط کے ساتھ ہرن کو رسی کی مدد سے قابو میں کیا، اسے پرسکون کرنے کی کوشش کی گئی اور کسی بڑے نقصان کے بغیر اسے دوبارہ باہر قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی شہری یا پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔

ماہرین کے مطابق یہ واقعہ نیو یارک کے مضافاتی علاقوں میں سفید دم والے ہرنوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کی ایک اور مثال ہے۔ نیو یارک ڈیپارٹمنٹ آف انوائرمنٹل کنزرویشن (ڈی ای سی) کے اندازوں کے مطابق ہرسال نیویارک ریاست میں تقریباً 70 ہزار واقعات ایسے ہوتے ہیں جن میں گاڑیاں ہرنوں سے ٹکرا جاتی ہیں۔ یہ تعداد انشورنس کمپنی اسٹیٹ فارم انشورنس کلیمز پر مبنی ہیں۔
قومی سطح پر دیکھا جائے تو ایک ایسے ہر حادثے میں صرف املاک کو ہونے والا اوسط نقصان 4 ہزار ڈالر سے زیادہ ہوتا ہے۔ یعنی یہ مسئلہ صرف گاڑیوں کے نقصان تک محدود نہیں بلکہ مالی طور پر بھی ایک بڑا بوجھ ہے۔
ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ جنگلاتی علاقوں میں کمی اور رہائشی و تجارتی تعمیرات میں اضافے کے باعث ہرنوں سمیت دیگر جنگلی جانور خوراک اور محفوظ جگہوں کی تلاش میں شہری علاقوں کا رخ کر رہے ہیں، جس سے ایسے غیر معمولی واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔















