مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گاڑی گہری کھائی میں جا گری، 10 اہلکار ہلاک
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے علاقے بھدرواہ میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 10 فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب فوجی گاڑی بھدرواہ-چمبا بین الریاستی سڑک پر واقع کھنی ٹاپ کے قریب تقریباً 200 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
سرکاری حکام کے مطابق فوج کی یہ گاڑی مجموعی طور پر 17 اہلکاروں کو لے کر ایک بلند پہاڑی چوکی کی جانب جا رہی تھی۔ دورانِ سفر ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے باعث گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائی شروع کی گئی۔
رہورٹس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادھم پور کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے فوجیوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریسکیو اور زخمیوں کے انخلا میں مصروف ٹیموں کی بروقت کارروائی کو بھی سراہا۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ علاقے میں سڑک کی حالت اور موسم کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔













