الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع کرانے پر 14 ارکان کی رکنیت بحال کر دی

قانونی تقاضے پورے ہونے پر قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی بحالی
شائع 21 جنوری 2026 03:50pm

الیکشن کمیشن نے مالیاتی گوشوارے جمع کرانے کے بعد مختلف اسمبلیوں کے 14 ارکان کی رکنیت بحال کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے رکن عبدالحکیم بلوچ کی رکنیت بحال کر دی گئی ہے، جبکہ پنجاب اسمبلی کے 6 ارکان، سندھ اسمبلی کے 2 ارکان اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے 5 ارکان کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام ارکان کی بحالی قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 16 جنوری کو مالی سال 2023۔2024 کے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر متعدد اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل کردی تھی ۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اگر کسی رکن نے گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کیں تو کارروائی ہوگی اور گوشوارے جمع کرانے تک اراکنن اسمبلی اور سینیٹرزکسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن نے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ پندرہ جنوری مقرر کی تھی۔

ECP

MNA

Election Commission of Pakistan (ECP)