گووندا کے افیئر اور اہلیہ سے اختلافات پر بھانجے کی لب کشائی

دونوں کے بیانات نے افواہوں کو مزید تقویت دی۔
شائع 20 جنوری 2026 09:36am

بولی ووڈ کے مشہور اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات اور افیئر کی خبروں نے سوشل میڈیا پر کافی ہلچل مچا رکھی ہے۔ اسی ہلچل کو لے کراب گووندا کے بھانجے ونے آنند کا بیان سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گووندا کے بھانجے ونے نے دونوں کے بیانات پر الگ الگ ردِعمل دیتے ہوئے خاندان کی نجی زندگی کے احترام پر زور دیا اور کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یہ معاملہ میڈیا کی سنسنی سے دور رہ کر حل ہو۔

ونے آنند نے کہا، ’میں دل سے دعا کرتا ہوں کہ میرے ماموں اور ممانی کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہے اور یہ معاملہ نجی ہی رہے۔ میری بس یہی خواہش ہے۔‘

ونے نے سنیـتا آہوجا کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ، ’اگر ممانی نے کچھ کہا ہے تو میں احترام کے ساتھ ماموں سے یہی کہوں گا کہ وہ اس پر توجہ دیں۔ میں دونوں میں سے کسی کے بارے میں غلط بات نہیں کر سکتا۔‘


انہوں نے گووندا اور سنیـتا کے بیٹے یش وردھن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے حد ٹیلینٹڈ ہیں اور ان کا مستقبل روشن ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر گووندا کا نام ایک خاتون کومل کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، تاہم ان خبروں کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود ان افواہوں نے گووندا اور سنیـتا کے تعلقات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اس سے قبل گووندا نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کا خاندان ایک بڑی سازش کا شکار ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق، کچھ لوگ جان بوجھ کر ان کے قریبی رشتوں کو استعمال کر کے غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں، اور سنیـتا انجانے میں اس سازش کا حصہ بن گئیں۔

دوسری جانب سنیـتا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ شہرت اور کام کے نام پر کئی لوگ گووندا سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر اس عمر میں ذمہ داریوں کو سمجھنا ضروری ہے۔

انہوں نے بیٹی ٹینا کی شادی اور بیٹے یش وردھن کے کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گووندا نے کبھی بیٹے کے کام کے لیے سنجیدہ کوشش نہیں کی۔

گووندا اور سنیـتا آہوجا کی شادی کو 37 برس ہو چکے ہیں۔ دونوں کے دو بچے بیٹی ٹینا اور بیٹا یش وردھن ہیں۔ گووندا نے اپنی فلمی زندگی میں ’شعلہ اور شبنم‘، ’راجا بابو‘، ’قلی نمبر ون‘ اور ’ہیرو نمبر ون‘ جیسی سپرہٹ فلموں سے خاص مقام حاصل کیا، جبکہ بعد میں انہوں نے سیاست میں بھی قدم رکھا۔

فی الحال خاندان کی جانب سے یہی امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ خاندانی اختلاف جلد خوش اسلوبی سے حل ہو جائے۔

Extra Marital Affair

express

Govinda’s nephew

Govinda and his wife

Veteran Bollywood actor