چلی کے جنگل میں بھڑکنے والی آگ کے باعث 20 ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور

حکومت نے صورتحال سنگین ہونے پر ملک کے جنوبی حصوں میں ایمرجنسی نافذ کردی
شائع 18 جنوری 2026 09:14pm

جنوبی امریکی ملک چلی کے جنگل میں بھڑکنے والی آگ کے باعث 20 ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ صورتحال سنگین ہونے حکومت نے ملک کے جنوبی حصوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چلی کے صدر گیبریل بورک نے اتوار کی صبح جنوبی علاقوں نیوبلے اور بائیو بائیو میں اسٹیٹ آف کیٹاسٹروفی (ایمرجنسی) نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ جنگلات میں لگی آگ کے بے قابو ہونے کے بعد کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد اپنے گھروں کو خالی کر چکے ہیں۔

چلی کی سرکاری جنگلاتی ایجنسی ’کوناف‘ کے مطابق اتوار کی صبح تک ملک بھر میں 24 مقامات پر آگ لگی ہوئی تھی، جن میں سب سے شدید آگ نیوبلے اور بائیو بائیو کے علاقوں میں ہے۔ یہ دونوں علاقے دارالحکومت سانتیاگو سے تقریباً 500 کلومیٹر جنوب میں واقع ہیں۔

چلی کے صدر گیبریل بورک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ شدید آگ کے پیش نظر نیوبلے اور بائیو بائیو میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک دونوں علاقوں میں تقریباً 8 ہزار 500 ہیکٹر رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جس کے باعث متعدد آبادیوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور مختلف علاقوں میں انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

چلی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے ’سینی پریڈ‘ کا کہنا ہے کہ تقریباً 20 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ کم از کم 250 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق تیز ہوائیں اور درجہ حرارت میں غیر معمولی حد تک اضافہ آگ کے پھیلاؤ میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، جس کے باعث فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

چلی کے بیشتر حصوں میں پہلے ہی شدید گرمی کا الرٹ جاری ہے اور دارالحکومت سانتیاگو سے بائیو بائیو تک درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چلی اور پڑوسی ملک ارجنٹائن سال کے آغاز سے ہی شدید گرمی اور ہیٹ ویوز کی لپیٹ میں ہیں، رواں سال کے آغاز میں ارجنٹینا کے علاقے پیٹاگونیا کے جنگلات میں بھی ہولناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

Argentina

chile

Heat Waves

extreme temperature

wildfires in chile

catastrophe