اسرائیلی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

خراب موسم کے باعث پہلے ہنگامی لینڈنگ، ریکوری کے دوران حادثہ پیش آیا
شائع 16 جنوری 2026 04:14pm

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر ریکوری آپریشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ مغربی کنارے کے علاقے گش عتصیون میں ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر ریکوری کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ فوج کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر اس ہفتے کے آغاز میں خراب موسمی حالات کے باعث ایک کھلے علاقے میں ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہوا تھا۔

فوجی بیان کے مطابق منگل کے روز شدید موسم کے باعث ہیلی کاپٹر نے گش عتصیون کے علاقے میں لینڈنگ کی تھی، جس کے بعد جمعرات کو اسے واپس لانے کے لیے ریکوری آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران جب ہیلی کاپٹر کو فضا میں منتقل کیا جا رہا تھا تو وہ اچانک الگ ہو کر زمین پر گر گیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا اور کوئی زخمی رپورٹ نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل تومر بار نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوجی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر، جنہیں اسرائیلی فضائیہ میں ’’ینشوف‘‘ کہا جاتا ہے، روزمرہ ٹرانسپورٹ کے علاوہ فوجی کارروائیوں کے دوران اہلکاروں کی نقل و حرکت، اتارنے اور واپس لانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

Israeli army

helicopter

crashes

Black Hawk