کراچی: سوئی سدرن کا 48 گھنٹے گیس بند رکھنے کا اعلان

گیس17جنوری صبح 8 بجےسے پیرصبح 8 بجےتک بندرہے گی
شائع 16 جنوری 2026 03:15pm

شہریوں کو گیس کی قلت اور کم پریشر کی شکایات کے پیش نظر سوئی سدرن گیس کمپنی نے گھریلو صارفین کے لیے فراہمی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے صنعتی صارفین اور سی این جی اسٹیشنز کی گیس 48 گھنٹوں کے لیے بند کی جا رہی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ صنعتی صارفین اور سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی 17 جنوری صبح 8 بجے سے پیر کی صبح 8 بجے تک معطل رہے گی۔ کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ ملک کے مختلف حصوں میں گیس کی قلت اور کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

سوئی سدرن گیس کے مطابق سرد موسم میں گھریلو گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے باعث نظام پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ اس صورتحال میں گھریلو صارفین کو ترجیح دیتے ہوئے صنعتی صارفین اور سی این جی اسٹیشنز کی گیس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے رہائشی علاقوں میں گیس پریشر میں بہتری آنے کی توقع ہے اور شہریوں کو کھانا پکانے سمیت دیگر گھریلو ضروریات کے لیے بہتر گیس سپلائی میسر آ سکے گی۔ سوئی سدرن گیس نے صنعتی صارفین اور سی این جی اسٹیشنز سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقررہ مدت کے بعد گیس فراہمی بحال کر دی جائے گی۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گیس کے محتاط استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ دستیاب وسائل سے زیادہ سے زیادہ صارفین کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

Gas

sui southeren