یوٹیوب کی سب سے عجیب ویڈیو! جو آج چلائی تو 140 سال بعد ختم ہوگی

ایک ایسی ویڈیو جس میں ”کچھ نہ ہونا“ ہی سب کچھ ہے۔
شائع 15 جنوری 2026 12:40pm

یوٹیوب پر حال ہی میں سامنے آنے والی ایک غیر معمولی ویڈیو نے دنیا بھر کے صارفین کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس ویڈیو کی خاص بات یہ نہیں کہ اس میں کوئی نایاب منظر یا آواز موجود ہے، بلکہ اس کی حیران کن طوالت ہے، جو مبینہ طور پر 140 سال سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ ویڈیو مکمل طور پر خالی ہے ۔نہ اس میں کوئی تصویر ہے، نہ آواز صرف ایک خالی سیاہ اسکرین دکھائی دیتی ہے۔ اس کے باوجود لاکھوں افراد اسے پلے کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

ویڈیو اپنی انوکھی نوعیت کے باعث سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو چکی ہے اور صارفین کے درمیان تجسس اور قیاس آرائیاں بڑھتی جارہی ہیں۔

یہ ویڈیو 5 جنوری کو ’shinywr‘ نامی یوٹیوب اکاؤنٹ سے اپلوڈ کی گئی۔ یو ٹیوب پر ویڈیو کی مجموعی مدت 1,234,567 گھنٹے 30 منٹ ظاہر کی گئی ہے، جو تقریباً 140 سال بنتی ہے۔ تاہم جب صارفین اسے پلے کرتے ہیں تو پلے بیک بار محض 12 گھنٹے کے قریب دکھاتا ہے، جس سے ویڈیو کی تکنیکی ساخت اور اپلوڈنگ کے طریقۂ کار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

مزید حیرت کی بات یہ ہے کہ ویڈیو کا عنوان صرف ایک سوالیہ نشان (?) ہے اور اس کے ساتھ کسی قسم کی وضاحت یا تفصیل موجود نہیں۔

عام طور پر یوٹیوب پر ویڈیوز چند منٹ یا گھنٹوں پر مشتمل ہوتی ہیں، البتہ بعض اوقات طویل لائیو اسٹریمز بھی دیکھی جاتی ہیں، مگر اس حد تک طویل اور خالی ویڈیو پہلے کبھی سامنے نہیں آئی۔

ماہرین کے مطابق یہ تضاد دراصل یوٹیوب کے میٹا ڈیٹا یا سسٹم گلچ کا نتیجہ ہے، جس کی وجہ سے ویڈیو کا دورانیہ غلط طور پر غیر معمولی حد تک بڑھا ہوا نظر آ رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کے بارے میں مختلف نظریات پیش کر رہے ہیں۔ کچھ کا خیال ہے کہ یہ کسی سماجی یا ثقافتی تجربے کا حصہ ہو سکتی ہے، جبکہ بعض نے قیاس کیا ہے کہ اس اکاؤنٹ کا تعلق شمالی کوریا سے ہو سکتا ہے، تاہم ان دعوؤں کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ یوٹیوب کا الگورتھم ایسی ویڈیو کو سفارشات میں کیسے شامل کر رہا ہے جس میں نہ دیکھنے کے لیے کچھ ہے اور نہ سننے کے لیے۔

تبصرہ کرنے والوں کی اکثریت نے اس ویڈیو کے ممکنہ ثقافتی اور علامتی اثرات پر گفتگو کی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ ویڈیو مستقبل میں کسی سازشی نظریے کی بنیاد بن سکتی ہے، جبکہ دوسرے کا کہنا تھا کہ برسوں بعد اس کے پیچھے کوئی عجیب کہانی سامنے آ سکتی ہے۔

اس کے باوجود، یہ ویڈیو اب تک لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہے اور تبصروں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ صارفین کی بڑی تعداد محض تجسس کے باعث ویڈیو کو پلے کر رہی ہے، حالانکہ اس میں دیکھنے یا سننے کے لیے کچھ بھی موجود نہیں۔

تبصرہ نگاروں کی بڑی تعداد تکنیکی پہلوؤں سے زیادہ اس ویڈیو کے ممکنہ ثقافتی اور نفسیاتی اثرات پر گفتگو کر رہی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ”یہ وہ ویڈیو ہے جس کا ذکر لوگ دس سال بعد بھی کریں گے“، جبکہ ایک اور کے مطابق ”یہ انٹرنیٹ کی تاریخ کا سب سے عجیب تجربہ بن سکتا ہے۔“

یہ پراسرار ویڈیو ڈیجیٹل دنیا میں تجسس، بحث اور حیرت کی علامت بن چکی ہے۔ ایک ایسی خالی ویڈیو جس میں ”کچھ نہ ہونا“ ہی سب کچھ ہے۔

Youtube Video

real story

end after 140 years