کوہاٹ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 7 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے نواحی علاقے قمر کلے میں پہاڑی تودہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق آپریشن میں 30 اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ تین ایمبولینسز اور ایک ڈیزاسٹر وہیکل بھی موقع پر موجود رہی۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مشینری اور دستی آلات کا استعمال کیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے طویل جدوجہد کے بعد متاثرہ مقام کو کلیئر کیا۔
زخمی مزدور کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے مزید کسی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ شہری پہاڑی علاقوں میں خاص طور پر بارش یا زمین کھسکنے کے خدشے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
















