ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلادیش کا بھارت میں کھیلنے سے پھر انکار، ڈیڈ لاک برقرار

آئی سی سی، بی سی بی اور بھارتی بورڈ کے ویڈیو اجلاس میں میچز کے حوالے سے فیصلہ نہ ہوسکا
اپ ڈیٹ 13 جنوری 2026 05:05pm

بنگلادیش نے ٹی20 ورلڈکپ کے میچز پر ڈیڈ لاک برقرار رکھتے ہوئے بھارت میں کھیلنے سے پھر انکار کردیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے ویڈیو اجلاس میں میچز کے حوالے سے فیصلہ نہ ہوسکا۔

آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان منگل کے روز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مشاورت ہوئی۔ اجلاس میں بنگلہ دیش کی جانب سے بورڈ کے صدر محمد امین الاسلام، نائب صدور محمد شاکوات حسین اور فاروق احمد، کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین ناظم العابدین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نظام الدین چوہدری نے شرکت کی۔

بی سی بی حکام نے ایک بار پھر بھارت میں سیکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے گروپ اسٹیج کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل کیے جائیں۔

آئی سی سی نے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی گئی ہے۔

تاہم بی سی بی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش نے اپنے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور اس معاملے پر آئی سی سی سے بات چیت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ کشیدگی بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو مالی طور پر متاثر کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ اور خراب تعلقات کے باعث بھارتی کمپنیاں بنگلہ دیش سے اپنے کاروباری تعلقات محدود کر رہی ہیں اور کھلاڑیوں سے اسپانسرشپ واپس لے رہی ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بنگلہ دیش کے چند بڑے کرکٹرز کو اپنے اسپانسرشپ معاہدے کھونے کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

Cricket News

ICC T20 World Cup

bangladesh cricket board

bcb

ICC Men’s T20 World Cup 2026

Bangladesh Cricketers