علیزے شاہ کی یاسر نواز کو قانونی کارروائی کی دھمکی

برسوں پرانے تنازع نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔
شائع 13 جنوری 2026 02:18pm

اداکارہ علیزے شاہ اور یاسر نواز کے درمیان برسوں پرانا تنازع ایک بار پھر سامنے آ گیا ہے، جب علیزے شاہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے سخت ردِعمل دیا۔

علیزے شاہ اور یاسر نواز کے درمیان اختلافات کا آغاز نجی چینل کے ایک ڈرامہ کے سیٹ سے ہوا تھا، جہاں دونوں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔

ماضی میں یاسر نواز مختلف شوز میں یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ علیزے شاہ کا رویہ ان کے ساتھ نامناسب تھا، جبکہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ یاسر نواز سیٹ پران کے لیے حد سے زیادہ پریشان کن ثابت ہوئے۔

دونوں فنکار مختلف مواقع پر ایک دوسرے پر تنقید کرتے رہے ہیں، جس کے باعث یہ معاملہ وقتاً فوقتاً دوبارہ خبروں میں آ جاتا ہے۔

حال ہی میں علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر ایک واضح اور سخت پیغام شیئر کرتے ہوئے یاسر نواز کو خبردار کیا کہ وہ آئندہ کسی بھی پلیٹ فارم پر ان کا نام لینے سے باز رہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں یاسر نواز کے ساتھ کام کیے پانچ سال گزر چکے ہیں، مگر اس کے باوجود وہ تقریباً ہر ٹاک شو میں ان کا ذکر کرتے ہیں، جو ان کے نزدیک ناقابلِ قبول ہے۔

علیزے شاہ کے مطابق انہوں نے ان تمام شوز کا ریکارڈ محفوظ کر رکھا ہے جن میں ان کے بارے میں منفی باتیں کی گئیں۔

اداکارہ نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں ان کا نام دوبارہ لیا گیا تو وہ بغیر کسی مزید انتباہ کے ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کریں گی۔ مزید یہ کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو وہ شوبز انڈسٹری کے سامنے وہ تمام حقائق بھی سامنے لائیں گی جن کی وجہ سے یاسر نواز ان کے ساتھ کام کرنے سے ناخوش تھے۔

علیزے شاہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی آرا منقسم نظر آئیں۔ کئی مداحوں نے نوجوان اداکارہ کے جرات مندانہ مؤقف کی تعریف کی اور کہا کہ سینئرز کو بھی اپنی حدود میں رہنا چاہیے، جبکہ کچھ صارفین نے اسے غیر ضروری تنازع قرار دیتے ہوئے تنقید بھی کی۔

کچھ صارفین نے یاسر نواز اور ان کی اہلیہ ندا یاسر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

ایک صارف نے لکھا، ”یہ میاں بیوی ایک دوسرے کی ہر غلط حرکت میں ساتھ دیتے ہیں۔“

ایک اور تبصرہ تھا، ”دونوں میاں بیوی نفسیاتی لگتے ہیں۔“

جبکہ چند افراد نے علیزے شاہ پر توجہ حاصل کرنے کا الزام عائد کیا۔

Alizeh Shah

warning

Pakistani Television Actor

Yasir Nawaz