وٹہ سٹہ کی شادی نہ ہونے پر نومولود قتل
ٹھل میں وٹہ سٹہ کی شادی نہ ہونے پر نومولود کو مبینہ طور پر قتل کردیا گیا۔
سندھ کے شہرٹھل کے علاقے گاؤں صاحب ڈنو سومرو میں وٹہ سٹہ کی شادی نہ ہونے پر نومولود بچی کے مبینہ قتل کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک ماہ قبل ملزمان ماجد علی، ذوالفقار اور شاہد علی نے حاملہ خاتون رخسانہ سومرو کو مبینہ طور پر گھر سے اغوا کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق اغوا کے ایک ماہ بعد خاتون نے ایک بچی کو جنم دیا، تاہم ملزمان نے نومولود کو مبینہ طور پر قتل کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے خاتون کے سسرالیوں سے وٹہ سٹہ کے تحت رشتہ مانگا تھا، جسے مسترد کر دیا گیا تھا، جس پر یہ واقعہ پیش آیا۔
نومولود کے قتل کے بعد بچی کے والد اور دیگر اہلِ خانہ نے لاش کے ہمراہ پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ واقعے کی خبر آج ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد ایس ایس پی جیکب آباد نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق اغوا کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ نومولود کے قتل سمیت دیگر پہلوؤں سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
















