عراقی فضائیہ کا جے ایف 17 تھنڈر میں دلچسپی کا اظہار

ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا سرکاری دورۂ عراق، دفاعی و فضائی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اپ ڈیٹ 10 جنوری 2026 07:56pm

پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے سرکاری دورۂ عراق کے دوران عراقی فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعاون، مشترکہ تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سرکاری دورے کے دوران عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ائرچیف نے عراقی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی اور فضائی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ مشترکہ تربیت، صلاحیتوں میں اضافے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ائرچیف نے عراقی فضائیہ کی تربیت کے شعبے میں پاک فضائیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور عراق کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا اور دونوں فضائی افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

عراقی ائرچیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے جے ایف 17 تھنڈر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ عراقی فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سپر مشاق تربیتی طیاروں میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

عراقی فضائیہ کے سربراہ نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی اور فضائی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

Iraq

Zaheer Ahmed Babar Sidhu

JF 17 Thunder

Air Chief Marshal