تحریک انصاف کالعدم ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے، عطاء اللہ تارڑ

ٹی ٹی پی ان پر حملہ نہیں کرے گی، ان کا لیڈر دہشت گردوں کو شہید کہتا رہا، وفاقی وزیر اطلاعات
شائع 09 جنوری 2026 03:31pm

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے تحریک انصاف پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی سہولت کار اور اس کا سیاسی ونگ ہے، اسی لیے ٹی ٹی پی ان پر حملے نہیں کرتی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما ماضی میں دہشت گردوں کو شہید کہتے رہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات پر صوبائی حکومت اور اس کے ترجمان مکمل خاموش ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کا طرزِ عمل واضح کرتا ہے کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کھل کر بات کرنے سے گریز کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بھی دہشت گرد تنظیم کے خلاف ایک لفظ نہیں بولتے اور افواجِ پاکستان کے جوانوں کی شہادت پر خاموشی اختیار کیے رکھتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اس وقت چھوٹی ذہنیت کے لوگوں کی حکومت ہے اور صوبے میں گورننس مکمل طور پر زمین بوس ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر صوبائی حکومت کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لاہور دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر خواتین کے حوالے سے نامناسب جملے بولے گئے، جو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ہمیشہ کھوکھلا اور بزدل شخص عورتوں پر حملہ کرتا ہے“، اور ایسے بیانات کسی بھی مہذب معاشرے میں قبول نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر ڈالا، جبکہ ماضی میں پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب پہنچایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سال 2025 پاکستان کے لیے کامیابیوں کا سال ثابت ہوا، جس میں معرکۂ حق میں فیصلہ کن کامیابی، معیشت کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوئی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں اور عالمی سطح پر بھارتی طیارے گرائے جانے کا اعتراف بھی سامنے آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اب دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہو چکا ہے، اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور فارن ایکسچینج ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم ہر بیرونی دورے میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ پر زور دیتے ہیں، جس کے باعث عالمی منڈیوں میں پاکستان کا مثبت تشخص ابھر رہا ہے۔

pti

Federal Minister

Federal Information Minister

Attaullah Tarar