موسم بدلتے ہی پرانی چوٹ کیوں درد کرنے لگتی ہے؟
اکثر لوگ یہ محسوس کرتے ہیں کہ کوئی پرانی چوٹ جیسے موچ، ہڈی ٹوٹنا یا جوڑ کا درد بظاہر ٹھیک ہو جاتا ہے، مگر کچھ عرصے بعد موسم بدلتے ہی یا زیادہ کام کرنے پر وہی درد دوبارہ لوٹ آتا ہے۔ عام طور پر لوگ اسے وہم سمجھ لیتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے پیچھے ایک سائنسی وجہ ہوتی ہے جسے ڈاکٹر ’بون میموری‘ کہتے ہیں۔
جب کسی جوڑ میں چوٹ لگتی ہے تو جسم فوراً اس کی مرمت شروع کر دیتا ہے۔ کچھ وقت بعد زخم بھر جاتا ہے، درد کم ہو جاتا ہے اور انسان معمول کی زندگی گزارنے لگتا ہے، مگر اندرونی طور پر وہ جوڑ مکمل طور پر پہلے جیسا نہیں بن پاتا۔
یوں سمجھیں کہ جسم کے اعصاب اور ٹشوز اس چوٹ کو یاد رکھ لیتے ہیں، اسی لیے برسوں بعد بھی وہ جگہ حساس رہتی ہے اور تھوڑا سا دباؤ پڑنے پر درد محسوس ہونے لگتا ہے۔
چوٹ کے دوران متاثرہ حصے کے اعصاب زیادہ حساس ہو جاتے ہیں اور زخم بھرنے کے بعد بھی معمولی حرکت پر درد کا سگنل دینے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہڈی یا جوڑ کی نرم تہہ پوری طرح مضبوط نہیں ہو پاتی اور زخم کے بعد وہاں سخت ٹشو بن جاتا ہے، جس سے جوڑ کی حرکت متاثر ہوتی ہے۔
بعض اوقات پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں یا جوڑ کو سہارا دینے والے حصے ڈھیلے رہ جاتے ہیں، جس کی وجہ سے جوڑ پر زیادہ دباؤ پڑتا ہے اور درد بار بار لوٹ آتا ہے۔
یہ مسئلہ خاص طور پر ان لوگوں میں زیادہ دیکھا جاتا ہے جنہیں شدید چوٹ لگی ہو، جن کے گھٹنے، کولہے یا ٹخنے متاثر ہوئے ہوں، یا جن کی عمر زیادہ ہو۔
شوگر، گٹھیا اور کمزور صحت رکھنے والے افراد میں بھی پرانی چوٹ کے اثرات زیادہ دیر تک رہ سکتے ہیں، خاص طور پر اگر چوٹ کے بعد مکمل فزیوتھراپی نہ کروائی گئی ہو۔
’بون میموری‘ کی صورت میں جوڑ میں اکڑن، ہلکا مگر مسلسل درد، چلتے وقت آواز آنا، کمزوری یا عدم توازن محسوس ہونا عام بات ہے۔ سردی، نمی یا موسم کی تبدیلی کے دوران یہ درد اور زیادہ بڑھ سکتا ہے۔
ایسی علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور بروقت آرتھوپیڈک ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے تاکہ مسئلہ بڑھنے سے روکا جا سکے۔
علاج کے طور پر عموماً فزیوتھراپی، درد کم کرنے والی دوائیں، وزن کو قابو میں رکھنا اور روزمرہ کے کاموں میں احتیاط شامل ہوتی ہے۔
بعض پیچیدہ صورتوں میں مزید علاج یا سرجری کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ چوٹ کے بعد مکمل اور درست طریقے سے صحت یابی کے مراحل پورے کیے جائیں۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اگرچہ چوٹ ظاہری طور پر ٹھیک ہو جاتی ہے، مگر اس کے اثرات اندرونی طور پر باقی رہ سکتے ہیں۔
جسم کے اشاروں کو سمجھیں، درد کو نظر انداز نہ کریں اور ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جوڑ لمبے عرصے تک صحت مند رہیں اور زندگی متحرک انداز میں گزاری جا سکے۔
















