ہیک ہونے والا واٹس ایپ اکاؤنٹ کیسے واپس حاصل کریں؟ پی ٹی اے نے طریقہ بتا دیا
واٹس ایپ آج کے دور میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا میسجنگ ایپ ہے، لیکن حالیہ دنوں میں صارفین کے سامنے ہیکنگ اور ڈیٹا نقصان کے کئی کیسز سامنے آئے ہیں۔
ایسے میں صارفین گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں اور اکثر نہیں جان پاتے کہ اپنا اکاؤنٹ دوبارہ کیسے حاصل کیا جائے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس حوالے سے واضح رہنمائی جاری کی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق، اگر آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو چند آسان اقدامات کے ذریعے اسے دوبارہ محفوظ اور فعال بنایا جا سکتا ہے:
فون نمبر دوبارہ رجسٹر کریں
واٹس ایپ انسٹال کریں اور اپنا نمبر درج کریں۔ واٹس ایپ آپ کو ایک تصدیقی کوڈ بھیجے گا، جسے درج کر کے اکاؤنٹ واپس حاصل کیا جا سکتا ہے۔
دو مرحلوں کی تصدیق (Two-Step Verification) فعال کریں
یہ فیچر اکاؤنٹ کو غیر مجاز رسائی سے محفوظ رکھتا ہے۔
پاس ورڈ اور سیکیورٹی اپ ڈیٹ کریں
اپنے فون اور واٹس ایپ کے پاس ورڈز بدلیں اور کسی مشکوک لنک یا فائل سے پرہیز کریں۔
اینٹی وائرس اسکین کریں
موبائل میں کسی بھی وائرس یا مالویئر کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے مکمل اسکین چلائیں۔
دوستوں اور کنٹیکٹس کو مطلع کریں
اگر اکاؤنٹ سے غیر معمولی پیغامات بھیجے گئے ہیں تو اپنے دوستوں کو آگاہ کریں تاکہ وہ محتاط رہیں۔
سوشل میڈیا صارف رانا عمران طاہر نے بتایا کہ کچھ دوستوں کے موبائل میں کسی نامعلوم نمبر سے ایسا وائرس آیا کہ واٹس ایپ کھولتے ہی سارا ڈیٹا ختم ہو گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف ہیکنگ ہی نہیں بلکہ مشکوک لنکس اور فائلز بھی صارفین کی پرائیویسی اور ڈیٹا کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
پی ٹی اے نے صارفین کو چند اہم حفاظتی نکات بھی بتائے ہیں:
صرف معتبر ذرائع سے فائلز اور لنکس کھولیں۔
واٹس ایپ کی پرائیویسی سیٹنگز باقاعدگی سے اپڈیٹ کریں۔
موبائل کا آپریٹنگ سسٹم اور اینٹی وائرس اپ ڈیٹ رکھیں۔
کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوری واٹس ایپ سپورٹ سے رابطہ کریں۔
ٰایک صارف حافظ زبیر نے کہا کہ یہ آگاہی صرف تکنیکی معلومات تک محدود نہیں بلکہ اردو زبان سے محبت اور عوام کی خدمت کا بھی ثبوت ہے۔
صارفین کو چاہئے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھیں اور دوسروں کو بھی اس بارے میں معلومات فراہم کریں۔
پی ٹی اے کی رہنمائی اور چند آسان اقدامات کے ذریعے ہیک ہو چکا واٹس ایپ اکاؤنٹ دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
یہ اقدامات نہ صرف آپ کے ڈیٹا کی حفاظت کرتے ہیں بلکہ مستقبل میں کسی بھی غیر معمولی سرگرمی سے بچاؤ کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔
















