سعودی عرب کا ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون میں دلچسپی کا اظہار
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سعودی عرب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سعودی فضائیہ کے کمانڈر اور چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی آمد پر رائل سعودی ایئر فورس کے سربراہ کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقاتوں کے دوران پاک سعودی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ تربیت اور آپریشنل تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ائیر چیف نے سعودی قیادت کو پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین فورس صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں اسپیس، سائبر اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبوں میں پاک فضائیہ کی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا۔
سعودی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ملٹی ڈومین آپریشنز کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقاتوں میں پاک سعودی دفاعی معاہدے کو باہمی اعتماد کی علامت قرار دیا گیا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے پاک سعودی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
















