بنگلادیش بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ نہ کھیلنے کے فیصلے پر ڈٹ گیا

کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے: اسپورٹس ایڈوائزر
شائع 07 جنوری 2026 11:24pm

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے سے متعلق اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بھارت کا سفر نہیں کرے گی، کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

بدھ کے روز ڈھاکا میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین الاسلام کے ہمراہ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلادیش کے اسپورٹس ایڈوائزر ڈاکٹرآصف نذرل نے کہا کہ آئی سی سی بنگلہ دیش کے سیکیورٹی خدشات کو مکمل طور پر سمجھنے میں ناکام رہا ہے، جس کے باعث بی سی بی ایک اور خط آئی سی سی کو ارسال کرے گا۔

آصف نذرل کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش نے سخت محنت کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور بطور کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم وہ ٹورنامنٹ کھیلنا چاہتے ہیں تاہم قومی تضحیک، کھلاڑیوں، تماشائیوں اور صحافیوں کی سیکیورٹی یا ملکی وقار کی قیمت پر نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے موصول ہونے والے خط سے یہ تاثر ملا ہے کہ بھارت میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے لیے پیدا ہونے والی سنگین سیکیورٹی صورت حال کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ آصف نذرل کے مطابق یہ معاملہ صرف سیکیورٹی تک محدود نہیں بلکہ قومی وقار کا مسئلہ بھی بن چکا ہے۔

آصف نذرل نے مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے اخراج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب خود بھارتی کرکٹ بورڈ سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کا اعتراف کر رہا ہے تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے لیے محفوظ ماحول موجود نہیں۔

بنگلہ دیشی اسپورٹس ایڈوائزر نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش سیکیورٹی، عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور چونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا میزبان ملک سری لنکا بھی ہے، اس لیے بنگلہ دیش اپنے میچز وہاں کھیلنے کا خواہاں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بی سی بی کے پاس مضبوط دلائل موجود ہیں اور آئی سی سی کو قائل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ان کے مطابق آئی سی سی کو خط آج رات یا کل صبح ارسال کیا جائے گا، جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ موجودہ صورت حال میں بھارت میں کھیلنا محفوظ نہیں۔

بی سی بی صدر امین الاسلام کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیرملکی دورے کے لیے حکومتی اجازت درکار ہوتی ہے، اسی لیے حکومتی فیصلے پر عمل کریں گے، اگر  سکیورٹی بہتر نہ ہوئی تو ہم اپنے حق کے لیے لڑتے رہیں گے، سری لنکا بھی میزبان ملک ہے  اور ہم وہاں کھیلنا چاہتے ہیں، یہ صرف پراپیگنڈا ہےکہ آئی سی سی نے ہمیں کہا کہ سری لنکا میں کھلانا  ناممکن ہے۔

بی سی بی صدر کا کہنا تھا کہ  آئی سی سی نے ہمیں ہمارا مسئلہ واضح کرنے کو کہا ہے، چیمپئنز  ٹرافی میں بھی ایسے ہی حالات بنے تھے، بھارت نے پاکستان اور پاکستان نے بھارت جانے سے انکار کیا تھا ، اسی لیے ہمیں ایک مناسب حل کی امید ہے، ورلڈکپ اپنی جگہ مگر سکیورٹی کی وجہ سے اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔

BCCI

Bangladesh

t20 cricket

ICC T20 World Cup

India VS Bangladesh

bangladesh cricket board

T20 world cup 2026

ICC Men’s T20 World Cup 2026

bangladesh cricket team