لاہور: نجی یونیورسٹی میں خودکشی کا دوسرا واقعہ، طالبہ نے چھت سے چھلانگ لگا دی

طالبہ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، ذرائع
اپ ڈیٹ 05 جنوری 2026 03:08pm

لاہور کی نجی یونیورسٹی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ڈی فارمیسی کی ایک طالبہ نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی ہے۔

پولیس اور انتظامیہ کے مطابق فاطمہ نامی طالبہ نے مبینہ طور پر یونیورسٹی کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی۔

ریسکیو حکام نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ٹیم موقع پر پہنچ کر فوری طبی امداد دی اور زخمی طالبہ کو اسپتال منتقل کر دیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق طالبہ فاطمہ کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق طالبہ نے اسی جگہ سے خودکشی کی کوشش کی جہاں چند روز قبل اویس سلطان نامی طالب علم نے چھلانگ لگا کر خودکشی کی تھی۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے اس واقعے کے بعد جامعہ کے تمام دروازے بند کر دئیے ہیں اور یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واقعے کے بعد طالبہ فاطمہ کی بہن نے بتایا کہ ان کی حالت تاحال تشویشناک ہے، وہ پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہیں، رات کو فون پر فاطمہ سے خوشگوارموڈ میں بات چیت ہوئی تھی۔

بہن کا کہنا تھا کہ فاطمہ نے خودکشی کی کوشش کیوں کی اس سے لاعلم ہیں، وہ لاہور میں والدہ کے ساتھ رہتی ہے، اس وقت تمام اہلخانہ شدید صدمے سے دو چار ہیں۔

Suicide

Lahore University

female student

suicide case

lahore students

shift to hospital