آئی ایل ٹی 20 میں نسیم شاہ اور کیرون پولارڈ کے درمیان لفظی جھڑپ

وائپرز کی فتح: نسیم شاہ کی بہترین بولنگ اور کپتان سیم کرن کے نصف سنچری اسکور نے اہم کردار ادا کیا۔
شائع 05 جنوری 2026 11:29am

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی ایل ٹی20 کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میں ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے درمیان شاندار مقابلے کے دوران ایک دلچسپ واقعہ دیکھنے میں آیا، جب فاسٹ بولر نسیم شاہ اور ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ کے درمیان لفظی جھڑپ سامنے آئی۔

یہ واقعہ اننگز کے 11ویں اوور میں پیش آیا، جب پولارڈ کی گیند ڈیفنس کے دوران سیدھی نسیم شاہ کی جانب گئی۔ نسیم نے گیند اٹھاتے ہوئے مسکراہٹ کے ساتھ پولارڈ کی طرف دیکھا، جس پر پولارڈ نے جارحانہ ردعمل ظاہر کیا۔ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے قریب آ گئے اور لفظی طور پر تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ اس موقع پر امپائرز اور ڈیزرٹ وائپرز کے بیٹر جیسن رائے نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کیا۔

نسیم شاہ نے بعد میں اپنی بولنگ سے جواب دیا اور 16ویں اوور کی پہلی گیند پر پولارڈ کو آؤٹ کر کے اسے 28 رنز تک محدود کر دیا۔ یہ وکٹ ایم آئی ایمریٹس کے امیدوں کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوئی۔

میچ میں ڈیزرٹ وائپرز نے ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا آئی ایل ٹی20 ٹائٹل جیتا۔ وائپرز کی فتح میں نسیم شاہ کی شاندار بولنگ اور کپتان سیم کرن کی ناقابلِ شکست نصف سنچری کلیدی رہی۔ سیم کرن کی قیادت میں ٹیم نے چار سیزنز میں تیسری بار فائنل میں پہنچ کر بالآخر ٹرافی اپنے نام کی۔

میچ کے بعد نسیم شاہ نے کہا، ”فائنل کا دباؤ کسی بھی اور میچ سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ یہ فتح پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، چاہے بیٹنگ ہو یا بولنگ۔ ہماری ٹیم ورک اور مینجمنٹ نے بہترین انتخاب کیے اور ہر کھلاڑی نے اپنی پوری کوشش کی، اور نتیجہ سب کے سامنے ہے۔“

اس فتح کے ساتھ ڈیزرٹ وائپرز نے آئی ایل ٹی20 کی تاریخ میں اپنی پہلی ٹرافی جیت کر ٹیم کی قابلیت اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا۔

Naseem shah

kieron pollard

CricketNews

SamCurran

T20Cricket

Dubai Cricket

Cricket Final

DesertVipers

ILT20