ایئر انڈیا کا نشے میں دھت پائلٹ جہاز اڑانے پہنچ گیا، کینیڈا میں گرفتاری

پرواز کے عملے نے پائلٹ کو شراب خریدتے اور پھر پیتے دیکھا تھا
شائع 04 جنوری 2026 01:03pm

بھارت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر شدید سبکی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، پے درپے بھارتی فضائی حادثات کے بعد ایک اور ایئر انڈیا کا پائلٹ نشے کی حالت میں کینیڈا میں گرفتار کر لیا گیا ،نشے میں دھت بھارتی پائلٹ نے بھارتی ایوی ایشن نظام کے ناقص نظام کی قلعی کھول دی۔

رپورٹ کے مطابق نشے کے زیراثر پائے جانے پر ٹیک آف سے قبل ایئر انڈیا کے بھارتی پائلٹ کو پرواز سے فوراََ ہٹا دیا گیا، کینیڈا کے ٹرانسپورٹ ریگولیٹر نے ایئر انڈیا سے پائلٹ کے نشے کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹرانسپورٹ کینیڈا نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ یہ واقعہ 23 دسمبر کو پیش آیا اور ایئر لائن کے ساتھ مل کر بھارتی سول ایوی ایشن حکام سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ مناسب اقدامات کیے جائیں۔

عالمی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جب ایئر انڈیا کی پرواز AI186 روانگی کی تیاری کر رہی تھی۔ ایئرپورٹ پر موجود عملے کے ایک رکن نے پائلٹ کو شراب خریدتے ہوئے دیکھا۔

عملے کے رکن نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی اور اطلاع ملنے پر کینیڈین حکام نے پائلٹ کا معائنہ کیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ٹرانسپورٹ کینیڈا  نے ایئر انڈیا کو 26 جنوری تک تحقیقات کے نتائج جمع کرانے کی سختی سے ہدایت کی،بھارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے ایئر انڈیا کے 4 پائلٹس کو وارننگ نوٹس بھی جاری کئے ۔

رپورٹ کے مطابق پائلٹس پر تکنیکی مسائل کے باوجود بوئنگ 787 کو پرواز آپریشن کے لیے قبول کرنے کا الزام ہے،اس سے قبل 12جون کوایئر انڈیا کا جہازاحمد آباد کے قریب ایوی ایشن کی غفلت کے باعث گر کر تباہ ہوا جس میں274 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

ماہرین کے مطابق بار بار پیش آنے والے حادثات، پائلٹس پر الزامات اور ریگولیٹری وارننگزثبوت ہیں کہ بھارت کا سول ایوی ایشن نگرانی کانظام کمزور ہو چکا ہے،بھارتی ایوی ایشن کے طیاروں اور اسکے پائلٹس کی غیر اخلاقی و پیشہ ورانہ اقدار انسانی جانوں کیلئے خطرات کا باعث بن چکے ہیں۔